آغا علی کی بیوفائی کے بعد سارہ خان نے کسے جیون ساتھی بنا لیا؟


اداکار آغا علی کی بیوفائی پر روایتی لڑکیوں کی طرح رو رو کر خود کو ہلکان کرنے کی بجائے ان کی سابقہ گرل فرینڈ اداکارہ سارہ علی خان نے چٹ منگنی اور پٹ بیاہ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ ہانیہ عامر کی جوڑی ٹوٹی، اداکارہ سارہ خان نے گلوکار فلک شبیر سے شادی کا اعلان کرکے تہلکہ مچا دیا ہے۔ اس وقت سوشل میڈیا پر سارہ اور فلک کی منگنی اور شادی کی تصاویر وائرل ہوچکی ہیں جبکہ سارہ اس ڈرامائی اعلان کے بعد ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ رمضان المبارک کے آخر میں آغا علی نے ساتھی اداکارہ حنا الطاف کے ساتھ سادہ سی تقریب میں اچانک شادی کرلی تھی۔ تب سے سب یہی سوچ رہے تھے کہ اب سارہ کے دل پر کیا بیت رہی ہو گی لیکن سارہ نے تو کچھ اور ہی پلان کر رکھا تھا۔ یاد رہے کہ 28 سالہ سارہ خان نے 2012 میں ٹی وی سیریل بڑی آپا کے ذریعے اپنے ڈراما کریئر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد وہ مرات العروس، گوہر نایاب، تم میرے ہو، احساس، تمھارے ہیں، نظر بد، استانی جی، میرے بے وفا، میرے ہمدم اور دیوار شب جیسے ڈراموں میں نظر آئیں۔ آج کل ہم ٹی وی پر ان کا نیا ڈرامہ ثبات آن ایئر ہے۔ سارا خان کو اپنی شاندار اداکاری پر کئی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔
اداکارہ سارہ خان نے اب اچانک یہ اعلان کیا ہے کہ انہوں نے گلوکار فلک شبیر کو اپنا جیون ساتھی چن لیا ہے۔فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سارہ علی خان نے چند تصاویر شیئر کر کے سب کو سرپرائز دیا کہ انہوں نے گلوکار فلک شبیر کی شادی کی پیشکش قبول کرلی ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گلوکار فلک شبیر نے ایک پارٹی میں سارہ علی خان کو لال پھول دیے اور پھر گھٹنوں پر بیٹھ کر اپنے محبت بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں انگھوٹھی کے ساتھ شادی کی پیشکش کی۔ فلک شبیر نے سارہ علی خان سے پوچھا کہ کیا وہ ان سے شادی کریں گی؟ جس پر اداکارہ نے شرماتے ہوئے مسکرا کر ہاں کہا اور انگھوٹھی پہن لی۔ یہی نہیں بلکہ دونوں نے چٹ منگنی اور پٹ بیاہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا اور دونوں کی شادی کی تقریبات کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔
سارہ علی خان نے انسٹا اسٹوری پر مہندی لگے ہاتھ کی تصویر بھی شیئر کی جس میں دیکھا گیا کہ انہوں نے اپنے ہاتھ پر ’فلک کی دلہن‘ لکھوایا ہے۔دونوں کے مہندی کے ایونٹ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور سارہ خان کے نام کا ہیش ٹیگ بھی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔سارہ علی خان اور فلک شبیر کی شادی کی خبر پر شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارک باد پیش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشہ برس اداکارہ سارہ علی خان نے اداکارہ آغا علی خان سے منگنی ختم کی تھی۔ کافی عرصے تک منگنی ختم ہونے پر دونوں نے خاموشی اختیار کر رکھی تھی لیکن کچھ عرصے بعد آغا علی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان دونوں کی شخصیت ایک دوسرے سے مختلف ہے جس کے باعث دونوں نے راہیں جدا کرلی ہیں۔سارہ علی خان نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آغا علی کے ساتھ رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ درست تھا اور وقت نے یہ ثابت بھی کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button