اب بچوں کا علاج ویڈیو گیم کے ذریعے ہوگا

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے بچوں کی بیماری ‘اے ڈی ایچ ڈی’ کے علاج کےلیے ویڈیو گیم کی منظوری دے دی جو خاص اس بیماری سے متاثرہ بچوں کے علاج کےلیے بنایا گیا ہے۔
بچوں کی بیماری اے ڈی ایچ ڈی (اٹینشن ڈیفیسٹ ہائپر ایکٹویٹی ڈس آرڈر) جس میں بچوں کی توجہ بٹ جاتی ہے یعنی وہ ایک کام میں اپنی توجہ برقرار نہیں رکھ پاتے۔ اس بیماری کے علاج کےلیے حال ہی میں ایف ڈی اے نے ایک گیم کی منظوری دی ہے جس کا نام ‘اینڈیور آر ایکس’ ہے۔ یہ گیم متاثرہ بیماری میں مبتلا 8 سے 12 سال کے بچوں کےلیے بنایا گیا ہے جب کہ اس گیم کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
ماہرین کے مطابق یہ گیم اس بیماری کے علاج کا پہلا ڈیجیٹل علاج ہے جس سے اے ڈی ایچ ڈی سے متاثرہ بچوں کو اپنی توجہ ایک چیز یا کام پر مبذول کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے اس گیم کو بطور علاج منظور کرنے سے قبل 600 بچوں پر آزمایا ہے۔ اس گیم سے بچوں کی اعصابی اور محسوس کرنے کی صلاحیت بہتر ہو سکے گی جب کہ اس گیم کے حوالے سے ماہرین کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
