اب ڈیسک ٹاپ سے واٹس ایپ آڈیو اور ویڈیو کال کرنا ممکن

واٹس ایپ نے ڈیسک ٹاپ کےلیے آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت پیش کردی ہے۔ چار ماہ قبل دسمبر میں واٹس ایپ کے بی ٹا ورژن میں اس کی آزمائش کی گئی تھی۔ اب یہ سہولت بتدریج پوری دنیا کےلیے پیش کردی گئی ہے۔
اس طرح لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ سے اپنے دوستوں کو ویڈیو اور آڈیو کال کی جاسکتی ہے جس کےلیے فون کی ایپ کو جاری رکھنا ہوگا اور ویب ورژن سے ڈیسک ٹاپ استعمال کیا جاسکے گا۔ یہ سہولت میک اور ونڈوز دونوں کےلیے موجود ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق تین چار ماہ تک اس عمل کو آزمائش سے گزارا گیا ہے۔ اس کے تمام نقائص دور کرکے دیگر آپشن کو بہتر بنایا گیا ہے اور اب یہ سہولت آپ کے پاس ہے کہ آپ اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس طرح کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئے آپ اوپر کی ونڈو میں آڈیو اور ویڈیو کال کرسکتے ہیں اور اپنے دوستوں سے بات کرسکتے ہیں۔ تاہم یہ خیال رہے کہ ایک وقت میں ایک فرد کو ہی آڈیو یا ویڈیو کال کی جاسکتی ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق گروپ ویڈیو یا آڈیو کال کا آپشن فی الحال پیش نہیں کیا گیا ہے لیکن جلد ہی یہ سہولت بھی پیش کردی جائے گی۔
