اداکارہ ازیکا ڈینیئل کو روتے ہوئے پروگرام کیوں چھوڑنا پڑا؟

ابھرتی ہوئی پاکستانی ماڈل اور اداکارہ ازیکا ڈینیئل نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ کامیڈی پروگرام کے دوران ان سے اس قدر توہین آمیز رویہ روا رکھا گیا کہ انہیں روتے ہوئے پروگرام ادھورا چھوڑ کر جانا پڑا تھا۔ ازیکا ڈینیئل کے نام سے بنے ٹوئٹر اکائونٹ پر کی جانے والی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ کے ساتھ مذاق کے نام پر توہین آمیز گفتگو کی گئی، ازیکا ڈینیئل اپنی مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ انہیں ایک شو کی شوٹنگ کے دوران روتے ہوئے اس لیے چھوڑنا پڑا، کہ کچھ کامیڈین مزاح نگاری اور تضحیک میں کوئی فرق نہیں سمجھتے۔
اداکارہ نے لکھا کہ انہیں آنسوئوں کے ساتھ لوگوں سے بھرے ہوئے سیٹ کو چھوڑنا پڑا، انہوں نے لکھا کہ لطیفوں کا مقصد مذاق کرنا ہوتا ہے، کسی کی توہین کرنا نہیں ہوتا اور کامیڈینز کو اس فرق کو سمجھنا پڑے گا، ازیکا ڈینیئل کی ٹوئٹ کو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے بھی شیئر کیا اور لوگوں نے ان سے شو کا نام بتانے کا کہا۔نزیادہ تر لوگوں نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور لکھا کہ آج کل کے شوز میں شریک زیادہ تر کامیڈین تھیٹرز ڈراموں سے آئے ہوئے ہیں اور تھیٹرز کا کیا حال ہے، یہ ہر کوئی جانتا ہے، لوگوں نے ازیکا ڈینیئل کے ساتھ مذاق کے نام پر کی جانے والی توہین آمیز گفتگو کی مذمت بھی کی اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
مداحوں نے اداکارہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس شو کا نام ضرور سامنے لائیں، تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ کس شو میں کس طرح کے کند ذہن کامیڈین موجود ہیں تاہم اداکارہ نے لوگوں کے اسرار کے باوجود شو کا نام نہیں بتایا۔
ازیکا نے بتایا کہ میں حادثاتی طور پر اداکاری کے شعبے میں آئی، اس سے قبل پی آئی اے کے کیبن کریو میں تھی، وہاں ایک ڈاکٹر تھے جنہوں نے مجھ سے پہلے ڈرامے میں اداکاری کروائی۔ ازیکا کا کہنا تھا کہ میں بیماری کا بہانہ کرکے چھٹی لیا کرتی تھی اور پھر ماڈلنگ کی شوٹس مکمل کرتی تھی، کیرئیر کے شروعات میں مجھے اداکاری بالکل نہیں آتی تھی، محسن طلعت کا ایک ڈرامہ کرنے کے بعد تین سال تک میں نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی کیونکہ میں نے سوچا تھا دوبارہ یہ کام نہیں کروں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بعدازاں ایک ٹیلنٹ ایجنسی گئی جہاں میری اشتہاری مہم چلائی گئی جس کے بعد جیو ٹی وی سے کال آئی اور میری اداکاری کے کیرئیر کا ایک مرتبہ پھر آغاز ہوا۔
