اداکارہ اُشنا شاہ نے میکڈونلڈز کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیوں کیا؟

معروف اداکارہ اشنا شاہ بھی بین الاقوامی فوڈ چین میکڈونلڈ کے بائیکاٹ کی مہم کا حصہ بن گئیں، جس کی وجہ اسرائیل کی فلسطین کیخلاف جارحیت ہے، اداکارہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مسلسل آواز بلند کر رہی ہیں۔حال ہی میں اُشنا شاہ نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں بین الاقوامی فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز کے بائیکاٹ مہم کا حصہ بنتی نظر آئیں، اپنے پیغام میں کہا کہ اگر میں کسی کو میکڈونلڈز چھوڑتے ہوئے دیکھوں یا کسی کے آس پاس دیکھوں تو مجھے غصہ آئے گا، میکڈونلڈز کو میرے سیٹ سے دور رکھیں اور اگر آپ کھانے کے لیے اس کا انتخاب کرتے ہیں تو مجھ سے دور رہیں کیونکہ اس صورت میں آپ کو برا بھلا کہوں گی اور مسلمان میکڈونلڈ کو خنزیر کے گوشت کی طرح حرام سمجھیں۔اُشنا شاہ کے پیغام کے بعد ان کی حمایت اور مخالفت میں صارفین آمنے سامنے آ گئے، کسی نے میکڈونلڈز کا بائیکاٹ کرنے میں ان کا ساتھ دیا تو کوئی مخالفت کرتا نظرآیا، ایک صارف نے کہا کہ میکڈونلڈز مجھے بہت پسند ہے لیکن میں آپ کے ساتھ ہوں، میں نے اس کا بائیکاٹ کر دیا ہے اور آئندہ کبھی اس کو نہیں کھاؤں گا۔اُشنا شاہ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ میکڈونلڈز کی پاکستانی چین میں کام کرنے والے ملازمین کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور بائیکاٹ کرنے سے وہ اپنی نوکریاں اور بچوں کی حمایت بھی کھو دیں گے۔صارف کو جواب دیتے ہوئے اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا کہ میکڈونلڈز کا بائیکاٹ کرنے والے ملازمین مقامی فاسٹ فوڈ چینز میں ملازمت حاصل کر سکتے ہیں، میکڈونلڈز ایک فرنچائز ہے اور اس نے غزہ کو تباہ کرنے والی فوج کو روزانہ کھانا بھیجنے کا انتخاب کیا، پاکستان میں میکڈونلڈز کی فرنچائز کو بند کرنے سے مقامی کاروبار کے پھلنے پھولنے کے دروازے کھل جائیں گے۔واضح رہے کہ اسرائیلی افواج کو مفت کھانا فراہم کرنے کے اعلان پر میکڈونلڈز کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اور ملٹی نیشنل فاسٹ فوڈ چین کے بائیکاٹ کا مطالبہ زور پکڑرہا ہے، اسرائیلی فوج میں مفت کھانا تقسیم کرنے کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد میکڈونلڈز کی پاکستانی برانچ نے وضاحتی بیان بھی جاری کیا تھا، اپنے وضاحتی بیان میں پاکستانی برانچ نے میکڈونلڈز کی اسرائیلی برانچ سے لا تعلقی کا اعلان کیا تھا لیکن صارفین میکڈولنڈز کی جانب سے دی گئی اس وضاحت کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔

Back to top button