اداکارہ ثروت گیلانی نے مظلوم عورت بننے سے انکار کر دیا

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ ثروت گیلانی مظلوم عورتوں کے کردار ادا کرتے تھک گئی ہیں اور اب ایسا مزید کوئی رول ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے ہے، اداکارہ نے ٹی وی سکرین سے غائب رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اب میں مظلوم عورتوں کے کردار مزید ادا نہیں کر سکتی۔
ایک شوبز ویب سائٹ کو انٹرویو میں ثروت گیلانی نے اپنے کیریئر اور کرداروں سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر باتیں کیں۔ اداکارہ نے ٹیلی ویژن پر کمرشل پراجیکٹس کے مقابلے میں انڈیپینڈنٹ پراجیکٹس کو ترجیح دینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ کچھ بہت اہم مسائل کے بارے میں مؤثر انداز میں آواز اٹھانا ہے جنہیں ٹی وی سیریلز میں اتنی اہمیت نہیں دی جا رہی۔ ثروت گیلانی نے کہا کہ وقت کے ساتھ میں خواتین کے حقوق، بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور حقیقی زندگی کے بہت سے دیگر سنجیدہ موضوعات کے خلاف بات کرنے لگی ہوں جس کے سبب میں نے محسوس کیا کہ اگر میں اس کے بارے میں بات کر رہی ہوں اور مجھے یقین ہے کہ کچھ مخصوص چیزیں ہیں جن پر ہمارے معاشرے میں عمل کی ضرورت ہے تو میں دوبارہ مظلوم سسکتی عورت کے کردار میں واپس نہیں آ سکتی ہوں کیونکہ میں اس پر یقین نہیں رکھتی۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں بے شمار غیرمعمولی خواتین ہیں، ایسی بہت سی خواتین کی مثالیں موجود ہیں اور ہمیں ان کی کامیابی کی کہانیاں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ثروت گیلانی نے کہا کہ پورے سیزن یا 26 اقساط پر مشتمل سیریل کی بنیاد صرف ان باتوں پر نہیں ہونی چاہئے کہ فلاں لڑکی فلاں لڑکے سے شادی کے لیے مناسب ہے یا نہیں؟ کیا وہ اتنی اچھی ہے کہ سسرال والوں کی جانب سے اسے قبول کرلیا جائے؟ زندگی ان تمام چیزوں سے بالاتر ہے۔
خاص طور پر خواتین کے لیے جو ان دقیانوسی تصورات سے باہر نکلنے کے لیے غیرمعمولی جدوجہد کر رہی ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ اس تناظر میں میرا خیال ہے کہ ٹیلی ویژن مجھے روکتا ہے، میں نے 20 سال ڈرامہ انڈسٹری میں کام کیا اور مظلوم سسکتی عورت کے کردار بھی ادا کیے لیکن اب میں سمجھتی ہوں کہ بس بہت ہوگیا، میں نے 2018 میں ’خسارہ‘ ڈرامہ کیا، یہ میرا آخری ٹیلی ویژن کردار تھا اور اس میں، واقعی ایک مضبوط عورت کا کردار ادا کیا، یہی وہ پہلو ہے جس کو میں نمایاں کرنا چاہتی ہوں کہ خواتین مضبوط اور قابل تقلید ہیں۔
ثروت گیلانی کا تازہ ترین پروجیکٹ ’جوائے لینڈ‘ میں ایک کردار ہے، صائم صادق کی تیار کردہ یہ انڈیپینڈنٹ فلم رواں سال ’کینز 2022‘ فیسٹول میں پیش کی گئی اور 2 ایوارڈز بھی حاصل کیے، علاوہ ازیں ثروت گیلانی نے ’زی فائیو‘ کے پراجیکٹس ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ اور ’چڑیلز‘ میں بھی کردار ادا کیا تھا۔
