اداکارہ منشا پاشا نے میاں بیوی کے جھگڑوں کی وجہ بتا دی

اداکارہ منشا پاشا نے انکشاف کیا ہے کہ میاں بیوی کسی بھی شعبے میں ایک ساتھ کام کریں تو جھگڑے بڑھ جاتے ہیں، اگر ان کے شوہر جبران ناصر سیاست میں ایک ساتھ کام کا مشورہ دیں تو وہ انکار کر دیں گی۔منشا پاشا اور جبران ناصر نے دسمبر 2019 میں منگنی اور 10 اپریل کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے، جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا اور عوامی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے، اب حال ہی میں منشا پاشا نے تابش ہاشمی کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوہر سے ملاقات اور دیگر موضوعات پر گفتگو کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی سے قبل جبران ناصر میرے آن لائن دوست تھے، انسٹاگرام پر میں نے ان کی ایک ویڈیو پر کمنٹ کیا تھا پھر ہم نے میسجز پر مختلف موضوعات پر گفتگو کی، اس کے علاوہ میوچل فرینڈز کے ذریعے چند تقریبات میں ملاقات ہوئی، اس طرح ہم واٹس ایپ اور فیس بک میں آن لائن دوست سے حقیقی زندگی کے جیون ساتھی بن گئے۔اداکارہ نے کہا کہ اگر میاں بیوی کسی بھی شعبے میں ساتھ کام کرنا شروع ہوجائیں تو دونوں کے درمیان کئی جھگڑے ہوتے ہیں، اگر کسی پروجیکٹ میں دونوں کا اختلاف ہوجائے، میاں نے غصہ میں بیوی کو ڈانٹ دیا اور چونکہ شوہر نے ڈانٹا ہے تو بیوی سے اسے دل پر لے لیا تو میرے خیال سے ایک ساتھ کام کرنے سے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے بڑھ جاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ آج مجھ سے اگر کوئی بھارت کے بارے میں سوال پوچھے گا تو میں 10 غلط باتیں کہہ دوں گی کیونکہ مجھے اتنا نہیں معلوم لیکن نصیر الدین شاہ کو دانشور سمجھا جاتا ہے، غلطی انسانوں سے ہی ہوتی ہے، یاسر نواز اور دانش نواز کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کوئی سخت ردعمل نہیں تھا بلکہ یہ نصیرالدین کے ساتھ صرف ایک مذاق تھا۔یاد رہے کہ پاکستانی ہدایت کار اور ڈائریکٹر یاسر نواز، دانش نواز اور اداکارہ منشا پاشا نے ایک ساتھ سندھی زبان میں ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ آج بھی سندھی زبان بولتے ہیں، منشا پاشا نے ٹوئٹ کے ذریعے واضح کیا کہ بطور قابل فخر سندھی جوکہ گھر میں سندھی بولتی بھی ہوں، میں اس رائے سے اختلاف کرتی ہوں۔واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے 5 جون کو بھارتی یوٹیوبر کو دیئے گئے انٹرویو میں برصغیر کی زبانوں پر بات کرتے ہوئے سندھی زبان سے متعلق بے بنیاد دعویٰ کیا تھا کہ اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی۔

Back to top button