اداکارہ مہوش حیات مداحوں کو کیا سرپرائز دینے والی ہیں؟

پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے عید کے بعد مداحوں کو بڑا سرپرائز دینے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بڑی عید پر وہ سینما ہائوسز میں ہی دکھائی دیں گی۔
پاکستان کو سب سے زیادہ کامیاب ترین فلمز دینے والی اداکارہ مہوش حیات بڑی عید کے موقع پر اپنی نئی آنے والی فلم 123 واں میں مہوش پاکستان کے اس وقت کے سب سے زیادہ ٹرینڈنگ اداکار وہاج علی کے ساتھ سکرین شیئر کر رہی ہیں۔
مہوش حیات نے بتایا ہے کہ وہاج علی کے ساتھ انہوں نے پہلی مرتبہ کام کیا، ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ تازگی سے بھرپور تھا، وہاج بہت میچور اداکار ہیں، جو کہانی میں اپنے کردار کے ساتھ بے حد انصاف کرتے ہیں، سکرپٹ پر مکمل طور پر عبور رکھتے ہیں۔
مہوش نے 123 واں فلم میں اپنی لک کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ اس فلم میں نبھائے جانے والے کردار کے لیے ساڑھی زیب تن کی، وہ اس فلم کے لیے پر اُمید ہیں کہ ان کے مداحوں کو فلم میں ان کا کردار اور لک دونوں ہی پسند آئیں گے، فلم کے ڈائیلاگز خلیل الرحمان قمر نے لکھے جوکہ ہر لحاظ سے خوبصورت ہیں۔
مہوش کا کہنا ہے کہ وہ اسی لیے کم پراجیکٹس میں نظر آتی ہیں کیونکہ وہ اپنے مداحوں کو بہترین کونٹینٹ میں دکھائی دینے کی خواہش رکھتی ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ سال میں ایک یا دو کوئی بھی اچھے پراجیکٹ دے سکوں تاکہ ان کے مداح ان کی اداکاری سے محظوظ ہو سکیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اپنے مداحوں کے لیے وہ اس وقت ڈراموں کے سکرپٹس پڑھ رہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اشارہ دیا کہ اگلے برس ٹی وی سکرین پر ڈرامہ کرتی بھی دکھائی دیں گی، وہ کوشش کرتی ہیں کہ سال میں ایک یا دو اچھے پراجیکٹس دیں تو 123 واں ان ہی میں سے ایک ہے، عید کے بعد اپنے مداحوں کو ایک بڑا سرپرائز دوں گی۔
