لانگ مارچ،20لاکھ لوگوں کولےکرخیبرپختونخواسےنکلیں گے،شفیع جان

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ ہمارے پاس آخری آپشن لانگ مارچ ہے اور 20 لاکھ لوگوں کے ساتھ پشاور سے نکلیں گے۔
شفیع جان کا کہنا تھاکہ ہماری سنوائی کہیں نہیں ہو رہی اس لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ہمارے پاس آخری آپشن لانگ مارچ ہے، 20 لاکھ لوگوں کے ساتھ پشاور سے نکلیں گے، ملک بھر میں لانگ مارچ کے اثرات دکھائی دیں گے۔بہنوں کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جارہی، ہمارے پاس اب کوئی راستہ نہیں اس لیے لانگ مارچ کا اعلان کیا، 27 ستمبر تک ہمارے تمام لوگوں کو متحد ہوجانا چاہیے، یہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک ہے۔
شفیع جان کا مزید کہنا تھاکہ 9 مہینے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتیں بند ہیں، ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کرنا پڑے گا، قانون اور آئین کے دائرے میں پر امن احتجاج کریں گے، تحریک تحفظ آئین پاکستان ہم سے متفق ہے،27 ستمبر کو لانگ مارچ میں شامل ہوں گے، علی امین گندا پور بھی ہمارے ساتھ ہوں گے،پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے ہماری لیڈر شپ کے ساتھ رابطہ کیا ہے، ان کو سارے عہدے چھوڑنے پڑیں گے، ہماری ان کے ساتھ مشاورت جاری ہے، آج اجلاس میں اس سے متعلق بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو آئینی عہدے چھوڑنے چاہییں، ان کے ووٹ سے حکومت قائم ہے، پچھلے بجٹ میں بھی انہوں نے ووٹ دیا، تمام تر چیزوں سے باہر آنا پڑے گا۔
