اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنیوں کی نجکاری کافیصلہ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
متعلقہ حکام کو آئندہ ہفتے کے آغاز تک مشاورتی عمل مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی، جس کے بعد کمیٹی نجکاری سے متعلق آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی۔
اجلاس میں اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو پاور ڈویژن کے ساتھ جاری مشاورت آئندہ ہفتے کے آغاز تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کی جانب سے مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد کابینہ کمیٹی نجکاری کے حوالے سے آئندہ فیصلہ کرے گی۔
اجلاس کے دوران نجکاری پروگرام کا دائرہ وسیع کرنے اور مزید سرکاری اداروں کو پروگرام میں شامل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
کمیٹی نے نجکاری ڈویژن کی سفارشات میں ترامیم کے ساتھ ان تجاویز کی منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ نجکاری کمیشن کے بجٹ کی بھی ترامیم کے ساتھ منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سالانہ نجکاری پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا اور نجکاری کے آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نجکاری کمیشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کو عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
