اداکارہ میرب علی اور گلوکار عاصم اظہر کب شادی کر رہے ہیں؟

ڈرامہ سیریل صنف آہن سے شہرت حاصل کرنے والی معروف اداکارہ میرب علی نے گلوکار عاصم اظہر سے اپنی منگنی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شادی کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں اور اس حوالے سے اچھی خبر جلد آ جائے گی۔ سعودی عرب سے لاہور منتقل ہونے والی میرب علی ڈرامہ سیریل ’’صنف آہن‘‘ میں خود کو بطور اداکارہ منوانے کے بعد ڈرامہ سیریل ’’وبال‘‘ میں جلوہ گر ہو رہی ہیں، میرب ’’وبال‘‘ میں ایک سمجھ دار اور سگھڑ لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ میرب پاکستانی شوبز کا ایک ابھرتا ہوا ستارہ ہیں، جو اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم کے سلسلے کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

’وبال‘ کے سیٹ پر انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ قانون کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور یونیورسٹی آف لندن کے بیرونی طلبہ کے پروگرام سے منسلک ہیں۔میرب سمجھتی ہیں کہ ان کا کیریئر اب تک اچھا جا رہا ہے۔ رواں برس انہوں نے دو ڈرامے کیے ہیں اور دونوں اچھے رہے۔اپنے کام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میں اپنے منہ میاں مٹھو نہیں بنوں گی۔ میری سب سے بڑی ناقد تو میری امی ہیں، لہذا میں ان کی بات کو بہت سنجیدگی سے سنتی ہوں۔

کام کے دباؤ بارے میرب کا کہنا تھا کہ دباؤ تو ہوتا ہے مگر اسکا جواب بھی اپنے کام ہی سے دیا جا سکتا ہے۔ میں سیدھی سمت میں جا رہی ہوں اور ایسے ہی چلتی رہوں گی۔ میرب کے خیال میں ڈراموں میں مار پیٹ والے سین نہیں ہونے چاہیں، ان کا کہنا تھا کہ مارنے پیٹنے والے ڈرامے بہت وقت سے چل رہے ہیں، دیکھا جائے تو ایسا ہوتا بھی ہے، لیکن اگر یہ سب کچھ دکھانا بھی پڑے تو ایسے دکھائیں کہ مارنے والے کو سبق ملے کہ ایسا نہیں کرنا چاہئے۔ میرب کے مطابق مار پیٹ کو گلیمرائز نہیں کرنا چاہئے کہ ہیرو مار رہا ہے اور ہیروئن تب بھی اس سے پیار کر رہی ہے، میرب بتاتی ہیں کہ ایک مرتبہ بہت چھوٹی سی بچی مجھ سے ملنے آئی تو مجھے اندازہ ہوا کہ ڈرامے تو ہمارے بچے بھی دیکھتے ہیں، اس لیے ہمیں بہت زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔

فلموں میں کام کے حوالے سے میرب کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی موقع ملا تو وہ ضرور اس سے فائدہ اٹھائیں گی، گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ منگنی کے بارے میں سوال پر میرب نے بتایا کہ ہم بہت پرانے خاندانی دوست ہیں، میرا شوبز میں آنے کا ارادہ تھا بھی نہیں تو اتنا کچھ سوچا نہیں تھا، یہ تو دونوں خاندانوں نے سوچا تھا جس کا نتیجہ منگنی کی صورت میں نکلا ہے۔ میں نے اتنا نہیں سوچا تھا۔

شادی کی ٹائم لائن کے حوالے سے سوال پر میرب نے بتایا کہ میں زیادہ پلان نہیں کرتی۔ یہ سارے سوال ہم نے بڑوں پر چھوڑ دیئے ہیں۔ جب وہ کہیں گے تب کرلیں گے، جلدی ہو یا دیر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میرب علی کے مطابق انہیں پڑھنے کا بہت شوق ہے اور وہ صرف ڈگری کے لیے نہیں بلکہ مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں ڈراموں کے سکرپٹ یاد کرتی ہوں، یعنی رٹے میں اچھی ہوں اور بحث و مباحثہ بھی اچھا کر لیتی ہوں، اس لیے سوچا کہ اسی میں کچھ کر لوں۔

Back to top button