اداکارہ کاجول بیٹی پیدا ہونے پر پاگل کیوں ہو گئی تھیں؟

بھارتی اداکارہ کاجول نے بتایا ہے کہ اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد انکی زندگی مکمل طور پر تبدیل ہو گئی تھی اور صرف بیٹی کے گرد گھوم کر رہ گئی تھی۔ حالات ایسے ہو گئےتھے کہ وہ پاگل ہو گئی تھیں، لیکن پھر اسی دوران ان کی ساس نے ان سے کہا کہ بیٹی کام کرنا بھی ضروری ہے، تم اپنا کام کرو، تمہاری بیٹی کا خیال میں رکھوں گی۔ اداکارہ کاجول نے یہ باتیں اپنی نئی فلم کی ریلیز کے موقع پر ایک انٹرویو میں کیں۔ اپنی نئی فلم ‘سلام وینکی’ میں کاجول ایک ایسی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں جس کا بیٹا مسکولر ڈسٹروفی نامی بیماری میں مبتلا ہے جس میں مریض کے اعضا بتدریج کام کرنا بند کر دیتے ہیں۔ ماں کا کردار ادا کرنے والی کاجول اپنے مرتے ہوئے بیٹے کی زندگی بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔ کاجول بتاتی ہیں کہ شروع میں وہ فلم ‘سلام وینکی’ میں کام نہیں کرنا چاہتی تھیں لیکن ڈائریکٹر ریوتی کی موجودگی کی وجہ سے وہ انکار نہیں کر سکیں۔
یاد رہے کہ حقیقی زندگی میں کاجول دو بچوں کی ماں ہیں، اپنا ذاتی تجربہ بتاتے ہوئے کاجول نے کہا کہ جب انکی بیٹی نیاسا آئی تو ان کا پہلا سال پاگلوں جیسا تھا، اور ان کی زندگی کا مرکز صرف ان کی بیٹی تھی، کاجول کا کہنا ہے کہ وہ اس ‘امتحان’ میں فیل نہیں ہو سکتی تھیں۔ ان دنوں کو یاد کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ خدا نے میرے ہاتھ میں ننھی سی زندگی دی ہے اور مجھے اس کی صحیح دیکھ بھال کرنی ہے۔کاجول بتاتی ہیں کہ جب بیٹی ایک سال کی ہوئی تو انھیں کچھ سکون ملا۔
یاد رہے کہ جب کاجول ماں بنیں تو وہ اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر تھیں اور مالی طور پر مستحکم تھیں، لہٰذا اپنے بچوں کی خاطر شوبز دنیا سے وقتی طور پر کنارہ کشی اختیار کرنا انکا اپنا فیصلہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ وقفہ نہ تو میرے شوہر چاہتے تھے اور نہ ہی بچے چاہتے تھے۔ لیکن مجھے ان کے ساتھ وقت گزارنا تھا۔ اگر میں کام کر رہی ہوتی تو ایسا نہیں کر پاتی۔ اس فیصلے میں اجے دیوگن یا کسی اور کا کوئی دخل نہیں تھا۔ میں نے کسی سے نہیں پوچھا کہ یہ میرے بچے ہیں، میں ان کا خیال رکھوں گی، یہ میرا اپنا فیصلہ تھا۔ کاجول نے اپنی پہلی بیٹی کی پیدائش کے بعد فلمی دنیا سے تین سال کا وقفہ لیا۔ کاجول کا خیال ہے کہ شاید وہ اس وقفے کو کبھی کور نہیں کر پائیں گی۔ جب وہ اپنی بیٹی کی دیکھ بھال میں مصروف تھیں تو ان کی ساس نے ان سے ایسی بات کہی جس سے انھیں فلموں میں واپسی کی خواہش پیدا ہوئی۔ شوبز خواتین کے خاندان سے تعلق رکھنے والی کاجول کہتی ہیں کہ ان کی ساس ایک بے مثال خاتون ہیں۔ ’جب نیاسا 10 ماہ کی تھیں تو میری ساس نے مجھ سے کہا کہ بیٹا، کام کرنا ضروری ہے، یہ مت سوچو کہ اگر بچہ پیدا ہو جائے تو تمھیں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کاجول خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ ان کے ارد گرد ایسی خواتین ہیں جو انھیں کام پر جانے کی ترغیب دیتی ہیں۔ ان میں ان کی ماں، دادی، ساس اور بھابھی شامل ہیں۔ ساتھ ہی بچے بھی انھیں کام پر جانے کی تلقین کرتے ہیں۔
2006 میں عامر خان کے ساتھ فلم ’فنا‘ میں کام کرنے والی کاجول تقریباً 16 سال بعد ایک بار پھر ’سلام وینکی‘ میں عامر کے ساتھ نظر آئی ہیں۔ کاجول کہتی ہیں کہ ’اتنے سالوں کے تجربے کے باوجود، عامر نے اداکاری میں کسی قسم کا کوئی مخصوص انداز نہیں اپنایا ہے۔ وہ اپنی فلموں میں جو بھی کردار ادا کرتے ہیں اس میں وہ اپنا 500 فیصد دیتے ہیں۔ وہ اب بھی ہر فلم میں بہتر اداکار بننے کی کوشش کرتے ہیں اور اس فلم میں بھی ایسا ہی ہے۔کاجول کے بقول انہوں نے اپنے کیریئر میں کئی جذباتی کردار ادا کیے ہیں لیکن اب وہ لوگوں کو ہنسانا چاہتی ہیں اور اسی لیے وہ ایک کامیڈی فلم کرنا چاہتی ہیں۔
