لانگ مارچ کیلئےسٹریٹ موومنٹ،سہیل آفریدی سندھ پہنچ گئے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی 5 روزہ دورۂ سندھ پہنچ گئے جہاں انہوں نے پنجاب اور سندھ کی سرحد پر واقع علاقے کموں شہید میں استقبال کیلیے آئے کارکنوں سے خطاب کیا۔
سہیل آفریدی کے ہمراہ پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل بیریسٹر سلمان اکرم راجہ، ایم این اے مخدوم زاہ زین حسین قریشی، جنید اکبر، مینا خان آفریدی، شفیع جان، عامر ڈوگر، عادل بازائی سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ترجمان محمد علی بلوچ کے مطابق سندھ میں آمد پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، سمیت پی ٹی آئی صوبائی قیادت و رہنماأں و عوام و کارکنان نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔
سہیل آفریدی نے کموں شہید میں عوام اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار استقبال پر آپ سب کا شکر گزار ہوں، آپ سب کا جذبہ پچھلی بار سے زیادہ نظر آرہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ریکارڈ ٹوٹنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ سندھ میں زرداری راج کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے شرکا سے سوال کیا کہ عوام بتائیں ڈی چوک جانا چاہتے ہیں یا کراچی؟ اس پر شرکا کی جانب سے ڈی چوک کے نعرے لگائے گئے تو سہیل آفریدی نے ازراہ مذاق پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کو مخاطب کر کے کہا کہ کراچی کا پروگرام منسوخ کردیں کیونکہ یہ سب ڈی چوک جانا چاہتے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام کو معلوم ہے کہ 18 سال سے صوبے میں مسلسل کس کی حکومت ہے، سندھ کی غیور کے عوام دیکھ رہے ہیں یہ لوگ عوام کے ساتھ کتنی زیادتیاں کر رہے ہیں، صوبے کو جو ترقی کا حق حاصل ہے اُسے مطابق حق نہیں دیا جارہا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بہت جلد سندھ کے عوام کو حق عمران خان دلوائیں گا کیونکہ یہاں کے عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہے۔ 27 ستمبر کو عمران خان قوم کا انتظار کریں گے کیا اس کے لیے قوم تیار ہے؟ ستائیس ستمبر کی تیاریوں کے حوالے سے جاری سٹریٹ موومنٹ آج سندھ دھرتی میں داخل ہورہی ہے، ان شاء اللہ ستائس ستمبر کو کراچی سے مکران، خیبر سے مہران، لاہور سے گلگت بلتستان پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا۔
تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سندھ دھرتی کے عوام کے پاس عمران خان کا پیغام لیکر آئے ہیں، یہ پیغام سندھ دھرتی کی ترقی کا پیغام ہے، ہم سندھ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام کے حقوق کے لئے کھڑے ہیں۔
