اداکار عامر خان کی بیٹی کس سے شادی کرنیوالی ہیں؟

بھارتی مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی بیٹی ایرا خان جلد پیا گھر سدھارنے والی ہیں، تو دوسری طرف سوشل میڈیا صارفین دولہے سے متعلق جاننے کیلئے بے تاب ہو رہے ہیں۔ایرا خان کی شادی فٹنس کوچ نوپور شیکھرے کے ساتھ ہونے جا رہی ہے، 2022 میں باضابطہ طور پر منگنی کرنے اور 2023 میں ’کیلوان‘ کی تقریب کے بعد اب یہ جوڑا 2024 میں ازدواجی خوشی کے اگلے دلچسپ باب کے آغاز کے لیے تیار ہے۔ایک مشہور فٹنس کوچ اور کنسلٹنٹ کے طور پر مشہور نوپور شیکھرے نے سابق مس یونیورس سشمیتا سین کو بھی تربیت دی ہے۔ ان کی قسمت نے اس وقت رومانوی موڑ لیا جب ایرا خان کو اپنے والد کے فٹنس کوچ کی صورت میں اپنی محبت مل گئی۔2020 میں وبائی امراض کے لاک ڈاؤن کے درمیان ایرا خان اپنے والد کے گھر پر رہ رہی تھیں جہاں ان کا تعارف نوپور شیکھرے سے ہوا۔ ان کی بات چیت اور تعلقات ابتدائی طور پر فٹنس ٹپس پر ہی مرکوز رہے اور وہ خود بھی نہیں جانتے تھے کہ جلد ہی ان کا تعلق ایک نیا موڑ اختیار کرلے گا۔انہوں نے لاک ڈاؤن میں مشکل ترین وقت ایک ساتھ دیکھا اور چیلنجنگ تجربات شیئر کیے جس سے ان کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئی اور ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔2021 میں ایرا خان نے سوشل میڈیا پر اپنے رشتے کو آفیشل بناتے ہوئے اپنی محبت کی کہانی دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے نوپور کو اپنے سپنوں کا شہزادہ قرار دیتے ہوئے ان کی سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں کی خوش کن تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ نوپور کے ساتھ عہدوپیمان ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔دونوں خاندانوں نے کھلے دل سے اس رشتے کو گلے لگایا اور نوپور شیکھرے بغیر کسی رکاوٹ کے خان خاندان کا حصہ ہوگئے اور جلد ہی اہم تقریبات کا ایک لازمی جزو بھی بن گئے۔ ستمبر 2021 میں ایک موقع آیا کہ نوپور شیکھرے نے باضابطہ طور پر ایرا کو شادی کے لیے پروپوز کیا جو انہوں نے بخوشی قبول کرلیا۔ پھر 2 ماہ بعد ان کی منگنی کا اعلان کیا گیا اور اس طرح دونوں نے اپنی آئندہ آنے والی ازدواجی زندگی کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھایا۔
