اذان سمیع کے گانے میں 50 برس پرانے کراچی کی جھلک


معروف گلوکار عدنان سمیع خان اور اداکارہ زیبا بختیار کے گلوکار صاحبزادے اذان سمیع خان نے اپنے پہلے سولو میوک ایلبم ‘میں تیرا’ کے تیسرے گانے ’اک لمحہ‘ کو ریلیز کردیا ہے جس میں نصف صدی پرانے کراچی شہر کے ایسے نایاب مناظر دکھائے گئے ہیں جو کم ہی دیکھنے میں آتے ہیں۔ اذان سمیع خان نے اپنے پہلے ایلبم کے دو گانے پہلے ہی جاری کیے ہیں، انہوں نے پہلا گانا ’میں تیرا‘ فروری جب کہ دوسرا ’تو‘ کو مئی 2021 میں ریلیز کیا تھا۔ اب موسیقار نے 7 ماہ بعد ایلبم کا تیسرا گانا ’اک لمحہ‘ ریلیز کردیا، جس میں وہ اداکارہ مایا علی کے ساتھ رومانس کرتے دکھائی دیے۔
’اک لمحہ‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سندھ کے دارالحکومت کراچی کا 1960 کا دور دکھایا گیا ہے۔ گانے میں اس وقت کا سیکولر، آرٹ اور رومانس سے بھرپور اور ٹریفک کے شور سے آزاد کراچی دکھایا گیا ہے۔ گانے میں اس وقت کے کراچی کے معروف کلب ’روما شبانا‘ میں اذان سمیع خان کو پرفارمنس کرتے دکھایا گیا ہے اور اسی کلب میں لوگوں کو بے فکر ہوکر زندگی کو انجوائے کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
مایا علی کو گانے میں اذان سمیع خان سے رومانس کرتے دکھایا گیا ہے، جو کسی بڑے گھرانے کی لڑکی محسوس ہوتی ہیں، جن کی شادی کسی اور جگہ طے کی جاتی ہے۔ ’اک لمحہ‘ کی شاعری اے ایم تراز نے لکھی ہے، اسے احتشام الدین نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ سید فرحان رضوی نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔ گانے کی موسیقی خود اذان سمیع خان نے ترتیب دی ہے تاہم انہیں ڈھولک اور گٹار سمیت دیگر سازوں کے لیے دوسرے موسیقاروں کی مدد حاصل رہی۔ ’اک لمحہ‘ کی موسیقی سمیت اس کی شاعری اور سب سے زیادہ اس کی عکس بندی کو سراہا جا رہا ہے اور لوگ 1960 کے کراچی کو دیکھ کر انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
اس گانے سے قبل اذان سمیع خان نے اپنے ایلبم کا دوسرا گانا ماہرہ خان کے ساتھ ’تو‘ مئی میں جاری کیا تھا اور اسے بھی کافی سراہا گیا تھا۔
اس سے قبل 11 فروری کو اذان سمیع خان نے ایلبم کا مرکزی اور پہلا گانا ’میں تیرا‘ کو ریلیز کیا تھا، جس میں ان کے ساتھ کینیڈین نژاد پاکستانی ماڈل ماہین صدیقی رومانس کرتے دکھائی دی تھیں۔ اذان سمیع خان کے اس البم ‘میں تیرا’ میں مجموعی طور پر 8 گانے شامل ہیں، ایلبم کے دیگر گانوں میں ایلبم میں ‘ماہیا’، ‘ڈھولنا’، ‘جادوگری’، ‘عاشقی’ اور ‘میرے سجنا رے’ شامل ہیں۔

Back to top button