فلم ’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ کا 1 ارب ڈالرز آمدن کا نیا ریکارڈ


2 ہفتے پہلے ریلیز ہونے والی ہالی وڈ فلم ’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ نے باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کی کمائی کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے کیونکہ اس سے پہلے صرف دو ہالی ووڈ فلموں نے دو ہفتوں کے دوران اتنے پیسے بنائے ہیں۔ ہالی ووڈ فلم کا 14 روز میں ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرنے کو منفرد ریکارڈ کہا جا رہا ہے کیونکہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیداشدہ وبائی صورتحال کے بعد دو سال میں پہلی مرتبہ کسی فلم نے بڑا بزنس کیا ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل باکس آفس پر ایک ارب ڈالر سے زائد آمدن کا سنگ میل عبور کرنے پر فلم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے فینز کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ ’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ کو 17 دسمبر کو امریکہ میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد اب تک اس نے انٹرنیشنل باکس آفس پر ایک ارب روپے سے زائد آمدن کا سنگ میل عبور کیا ہے۔
ہالی ووڈ ناقدین کا کہنا ہے کہ ابتدائی 14 روز کی کارکردگی اور مذید مقامات پر ریلیز کے بعد فلم کی آمدن نئے ریکارڈ بھی قائم کر سکتی ہے۔ سوشل میڈیا پر فلم سے متعلق اپنی پسندیدگی کا اظہار کرنے والوں نے جہاں اس کی کہانی اور کرداروں پر گفتگو کی، وہیں فلم کی کامیابیوں کو بھی خاص طور پر موضوع بنایا ہے۔ ’سپائیڈر مین نو وے ہوم‘ سے متعلق پیش رفت پر نظر رکھنے والوں کے مطابق یہ رواں برس کی سب سے زیادہ منافع بخش فلم کے ساتھ سب سے پہلے ایک ارب ڈالر آمدن کی حد کو چھونے والی فلم رہی ہے۔ مارول سٹوڈیوز کی دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر 200 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کی گئی فلم ’سپائیڈر مین نو وے ہوم کو ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے بہترین فلموں کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق یہ فلم 25 دسمبر تک دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز کماچکی تھی اور اس طرح یہ 2021 کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم بھی بن گئی۔ اسی طرح دسمبر 2019 میں اسٹار وارز دی رائز آف اسکائی واکر کے بعد یہ پہلی فلم ہے جس نے عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز سے زیادہ کمائے ہیں۔
سونی اسٹوڈیو کی 20 کروڑ کی لاگت سے بننے والی یہ سپر ہیرو فلم ان چند فلموں میں سے ایک ہے جس نے ایک ارب ڈالرز کا اعزاز چین میں ریلیز ہوئے بغیر حاصل کیا۔
مجموعی طور پر یہ عالمی سطح پر ایک ارب ڈالرز کمانے والی 49 ویں فلم ہے اور چین کے بغیر ایسا کرنے والی 5 ویں فلم ہے۔ اس سے قبل پائریٹس آف دی کیریبین ڈیڈ مینز چیسٹ (2006)، دی ڈارک نائٹ (2008)، ایلس ان ونڈر لینڈ (2010) اور جوکر (2019) نے بھی چین میں ریلیز ہوئے بغیر ایک ارب ڈالرز سے کمائی کی تھی۔

Back to top button