استحکام پاکستان پارٹی کا سستا پیٹرول،300یونٹ بجلی فری دینےکااعلان

استحکام پاکستان پارٹی کا حافظ آباد میں پاور شو،الیکشن جیت کر عوام کو سستا پیٹرول،300یونٹ تک بجلی فری دینے کااعلان کردیا۔
جہانگیر ترین نے حافظ آباد میں استحکام پاکستان پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہی وعدے کریں گے جنہيں پورا کرسکیں ، ہماری حکومت میں کم از کم تنخواہ 50 ہزار روپے ہوگی ، لوگوں پر پیسا خرچ کریں گے تاکہ ان کی زندگی آسان ہو ، بھوکا سونے کا خوف نہ ہو، ہائی اسکول تک تعلیم مفت ہوگی۔ملک کو سپر اسٹار کی نہیں، سپر سسٹم کی ضرورت ہے ، شخصیات نہیں ملک اور عوام اہم ہیں۔فوج ہماری محافظ ہے ، اپنے یقین اور اعتماد سے اسے اور مضبوط کرنا ہوگا ، فوج ہی ملکی سلامتی کی ضامن ہے۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کا حافظ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ 2018میں پیٹرول کی قیمت 95روپے لیٹر تھی ۔آج پیٹرول کی قیمت 290روپے لیٹر ہے ۔2018میں بجلی کی قیمت 11روپے فی یونٹ تھی ۔آج بجلی کا فی یونٹ 60روپے کا ہے ۔290روپے لیٹر والا پیٹرول 140روپے لیٹر ملے گا ۔بجلی بل آرہے ہیں وہ جان نکالنے کیلئے کافی ہیں۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے جلسے کے دوران عوام کو خوشخبری بھی سنائی ان کاکہنا تھاکہ موقع ملا تو عوام کو 300یونٹ تک بجلی فری فراہم کریں گے۔غریب کے بل حکومت ادا کرے گی ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم بڑھائیں گے۔بجلی کے بل بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے ادا کریں گے۔موٹرسائیکل والوں کو پیٹرول آدھی قیمت پر دیں گے۔کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔بیروزگار نوجوانوں کو قرضہ دیں گے۔بغیر سود اور آسان اقساط پرقرضہ دیں گے۔
