اینٹی کرپشن نے اسد قیصر کو کیوں گرفتارکیا؟مقدمے کی تفصیلات آ گئیں

اینٹی کرپشن نے سابق سپیکراسد قیصر کو بنی گالہ رہائش گاہ سے ہسپتال میں خردبرد کے الزام کے تحت گرفتار کیا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔اسد قیصر اور محکمہ صحت کے 4 افسران کے خلاف گجوخان میڈیکل کالج میں خردبرد کا الزام ہے۔
ایف آئی آر محکمہ اینٹی کرپشن کے سابق تفتیشی آفیسر ہدایت شاہ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ایف آئی آر میں 406 پی پی سی سمیت تین دفعات شامل ہیں۔اطلاع ملی تھی کہ گجوخان میڈیکل کالج صوابی میں الیکٹرو میگرافی مشین کی سی پی یو غائب کی گئی ہے، اسپتال کے لیے ناقص فرنیچر کی خریداری کی بھی اطلاع ملی تھی۔معاملہ کی تحقیقات میں اسد قیصر سمیت پانچ ملزمان قصوروار پائے گئے۔اسد قیصر سمیت پانچ ملزمان نے سرکاری خزانے کو 1 کروڑ 64 لاکھ 56 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔
قبل ازیں گزشتہ روز اسد قیصر کے بھائی نے ویڈیو بیان میں کہا کہ اسد قیصر کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتارکرلیا گیا ہے۔اسد قیصر گھر پر تھےجب پولیس اورسادہ لباس اہلکار گھر آئے اور سادہ لباس اہلکار اسد قیصر کو گرفتار کرکے لے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسد قیصر کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، انہیں بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ سے پولیس اور اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا۔
