اسرائیل سے متعلق ایران کا موقف اٹل،تبدیلی نہیں آئےگی،مجتبیٰ خامنہ ای

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حوالے سے ایران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی،امریکا نے ایک فوجی اڈہ بنایا ہے جس کا نام اسرائیل ہے۔
ایران کے پہلے سپریم لیڈر آیت اللہ روح اللہ خمینی کی 37 ویں برسی کے موقع پر سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا تحریری پیغام پڑھ کر سنایاگیا، اپنے پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دشمن میدان میں شکست کےبعد عوام کی استقامت کمزور کرنے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نےکہاکہ ان خطرات کے مقابلے کےلیے قومی اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھاکہ عوام میں مایوسی،بددلی یا ناامیدی پیدا کرنےوالا کوئی بھی عمل درحقیقت دشمن کی مدد کرنے جیسا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کے دشمن کو میدان جنگ میں ناکامی کےبعد اپنے مقاصد حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سی آئی اے کی سازشوں کو ناکام بنانےمیں کامیاب رہےہیں،دشمن ناکامی کےبعد ہائبرڈ جنگ پر توجہ دے رہا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھاکہ اسرائیل کے حوالے سے ایران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، امریکا نے ایک فوجی اڈہ بنایا ہے جس کا نام اسرائیل ہے۔
