اسسٹنٹ کمشنر کراچی ہاظم بنگوار نے خود کو کم عمر قرار دیدیا

کراچی کے علاقے ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) ہاضم بنگوار نے ماضی میں محبت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی وہ شادی کے لیے بہت کم عمر ہیں، مستقبل قریب میں ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ہاظم بنگوار سرکاری افسر بننے سے قبل امریکا سمیت دیگر ممالک میں رہتے تھے، جہاں وہ ماڈلنگ کرتے دکھائی دیتے تھے، حال ہی میں وہ سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ ان کا بچپن مختلف ممالک میں گزرا ہے۔پروگرام کے دوران ہاظم بنگوار نے بتایا کہ ان کی والدہ کا تعلق عراق سے ہے اور وہ ان کی والدہ کے ملک، مراکش اور دیگر عرب ممالک میں بچپن گزار چکے ہیں، سرکاری افسر بننے سے قبل وہ بیرون ملک مقیم تھے، جہاں انہوں نے تعلیم حاصل کرنے سمیت ماڈلنگ اور فیشن کیریئر کا آغاز کیا اور متعدد میگزینز کے لیے فوٹوشوٹ بھی کروائے۔ہاظم بنگوار کے مطابق والد کی طرح انہیں پولیس میں جانے کا کوئی شوق نہیں تھا جبکہ سرکاری ملازمت کرنے پر والدہ ان سے ناراض ہوگئیں اور انہیں واپس بیرون ملک جانے کا بھی کہا۔انہیں اداکاری کی بھی پیش کش ہوچکی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہیں کسی سے محبت ہو چکی ہے اور انہیں اچھی محبت ہوئی تھی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کن سے محبت ہوئی تھی۔ہاظم بنگوار نے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ ان پر گھر والوں کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں اور یہ کہ وہ ابھی کم عمر ہیں، ان کا فوری طور پر شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب شادی کی عمر ہوگی تو وہ کرلیں گے۔پروگرام کے ایک حصے میں ہاظم بنگوار نے پاکستان کے معروف اداکاراؤں کو پہچاننے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ اداکاروں کو نہیں جانتے، انہوں نے علی سیٹھی کا مقبول ترین گانا ’پسوڑی‘ بھی نہیں سنا اور نہ ہی وہ گلوکار کو جانتے ہیں، اداکارہ مایا علی سمیت وہاج علی کو بھی پہچاننے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ ان کو نہیں جانتے۔خیال رہے کہ ہاظم بنگوار کے والد اکبر علی بنگوار سابق پولیس افسر ہیں، ان کے والد ڈی آئی جی کے عہدے پر براجمان رہ چکے ہیں، ہاظم بنگوار نے یونیورسٹی آف لندن سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، اس سے قبل انہوں نے فیشن ڈیزائنگ میں بیچلرز بھی کیا، پاکستان میں مؤثر تعلیم، ماحول اور جانوروں کی فلاح و بہبود اور ہنگامی سرگرمیوں کے پروگرام کے لیے فنڈز بھی فراہم کرتے ہیں، اس مقصد کے لیے انہوں نے ہاظم بنگوار فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی، اپنا ایک یوٹیوب اکاؤنٹ بھی بنا رکھا ہے جہاں انہوں نے گانوں کی متعدد ویڈیوز بھی پوسٹ کی ہیں، وہ ماضی میں ماڈلنگ، گلوکاری، شاعری اور افسانہ نگاری کرتے رہے ہیں۔
