اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے حضور ﷺ کی حیات طیبہ اور قرآن کے پیغام کو عام کرنا ہو گا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کےلیے حضورﷺ کی حیات طیبہ اور قرآن پاک کے پیغام کو عام کرنا ہوگا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی بدولت جہالت اور ظلم و جبر کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا، آپ ﷺ کی بدولت دنیا میں عدل و انصاف، مساوات اور رحمت کے نور سے آگاہی ہوئی، پوری انسانیت کی فلاح یقینا آپ ﷺ کی سنت طیبہ کی پیروی میں ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کی سیرت طیبہ ہم سب کےلیے بہترین نمونہ ہے، دور اول میں لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کرنے کا باعث قرآن پاک اور رسولﷺ کی شخصیت تھی، حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ سے امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس ملتا ہے، آپ ﷺ کی حیات و تعلیمات کے فروغ و اشاعت کےلیے ہم سب کو کردار ادا کرنا چاہیے، ہماری زندگی میں بھی نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا عکس نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ہے مغرب میں حضورﷺ کی شان میں گستاخی کے قابل مذمت واقعات ہوئے، ان قابل مذمت واقعات پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ایسے اقدامات نفرت اور تقسیم کا باعث بنتے ہیں۔ صدر پاکستان نے کہا کہ ایسےگستاخانہ اقدامات بین المذاہب امن اور مکالمےکی روح کے خلاف ہیں، عالم اسلام کے رہنما حرمت رسولﷺ کے تحفظ کےلیے متفقہ مطالبہ عالمی اداروں کے سامنے پیش کریں، اسلامو فوبیا سے نمٹنے کےلیے حضورﷺ کی حیات طیبہ اور قرآن کے پیغام کو عام کرنا ہوگا۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کورونا کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خطرہ بڑھ رہا ہے، لہٰذا عید میلادالنبی ﷺکی تقریبات میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button