ایران کا آبنائے ہرمز مکمل بند کرنے کا اعلان

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک امریکا اپنی مبینہ جارحانہ کارروائیاں اور "شرارتیں” بند نہیں کر دیتا۔
آئی آر جی سی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج نے مبینہ طور پر ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو نشانہ بنانے کا جواز پیش کرتے ہوئے ایرانی فوجی اڈوں پر حملے کیے، تاکہ اپنی ناکامی اور بے بسی کو چھپا سکے۔ بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی ناکہ بندی کے باعث کوئی بھی بحری جہاز اس کی خلاف ورزی کرنے یا امریکی افواج کی معاونت کرنے کی ہمت نہیں کر سکا، اسی لیے کسی تجارتی یا بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن "صاعقہ” کے آٹھویں مرحلے کے تحت خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملوں کی نئی لہر شروع کر دی گئی ہے۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق دھماکا خیز ڈرونز کے ذریعے اردن کے الازرق فضائی اڈے پر موجود امریکی ایف-18 لڑاکا طیاروں کی پوزیشنز اور بڑے فوجی سازوسامان کے ہینگرز کو دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش، اردن میں امریکی اڈے پر حملے اور دیگر عسکری کارروائیوں سے متعلق یہ دعوے ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور سرکاری ذرائع کے بیانات پر مبنی ہیں۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع یا امریکی حکام کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
