اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے والے جانی خیل کے قبائلیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں تین ہفتہ قبل قتل کیے گئے قبائلی برزگ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے والے جانی خیل قبیلے کے افراد اور پولیس کے درمیان پُرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔
قبائلی رہنما ملک نصیب خان کی ہلاکت پر جانی خیل قبیلے کے افراد گزشتہ تین ہفتوں سے اس علاقے میں دھرنا دے رہے ہیں، تین ہفتہ قبل اس علاقے میں مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا اور قاتلوں کی عدم گرفتاری پر مظاہرین نے آج اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مظاہرین کے مطابق اس دوران مظاہرے میں شریک ایک فرد بھی مارا گیا البتہ بنوں پولیس نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس احتجاج کے دوران کسی نوجوان کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مظاہرین میں شریک ایک فرد لاتف وزیر نے فون پر ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ یہ پُرامن مظاہرین دارالحکومت کی طرف مارچ کے ارادے سے جانی خیل کے علاقے سے سات کلومیٹر آگے بڑھے ہی تھے کہ پولیس نے ان کا راستہ روک لیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کرتے ہوئے لاٹھی چارج کیا جو دونوں فریقین میں تصادم کا سبب بنا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین میں شریک جانی خیل کا رہائشی واحد خان پولیس کارروائی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ جھڑپ میں متعدد دیگر مظاہرین بھی زخمی ہوئے، احتجاج کے دوران پولیس کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔اس سے قبل مقامی انتظامیہ نے جانی خیل قبیلے کے عمائدین کو اس احتجاج کو ختم اور مقتول قبائلی رہنما ملک نصیب خان کی تدفین کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی تھیں لیکن ان کی یہ کوششیں رائیگاں گئیں۔
مظاہرین میں سے ایک نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے دو ماہ قبل قبائلیوں کو بھی یقین دلایا تھا کہ چار نوجوانوں کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے گا جن کی گولیوں سے چھلنی لاشیں مارچ میں ملی تھیں لیکن ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔جانی خیل میں جب 13 سے 17 سال کی عمر کے چار نوجوانوں کی لاشیں ملی تھیں تو اس وقت بھی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے اور مقامی افراد انصاف کے حصول اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سڑکوں پر نکل آئے تھے۔
