اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق نے 16صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کا یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے پر فیصلہ مسترد کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے، عدالت کے سامنے درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی ووٹر لسٹوں کو چیلنج کیا گیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ دوسری درخواستوں میں وفاقی حکومت کے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلہ الیکشن کمیشن سے مسترد کرنے کو چیلنج کیا گیا، ووٹر لسٹوں کے معاملے پر درخواست گزار 28 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کو سن کر ووٹر لسٹوں سے متعلق معاملہ قانون کے مطابق حل کرے، الیکشن کمیشن کو یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلہ مسترد کرنے سے پہلے وفاقی حکومت کا مؤقف جاننا چاہیے تھا۔

Back to top button