اسلام آباد کا بلدیاتی نظام عدالت میں چیلنج، صدر مملکت کو نوٹس

اسلام آباد کے بلدیاتی نظام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت دیگر حکام کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔
نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو اسلام آباد کے بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے جس پر عدالت نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قانون اور اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کرتے 11 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔
عدالت میں درخواست گزار سردار مہتاب نے موقف اپنایا کہ میئر کا براہ راست انتخاب، ڈپٹی میئرز کا عہدہ ختم کرنا خلاف قانون ہے۔
درخواست گزار کے وکیل قاضی عادل ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ لوکل گورنمنٹ چلانے کے لیے غیر منتخب افراد کی کونسل بھی خلاف قانون ہے، لوکل گورنمنٹ 2015ء کے قانون کی موجودگی میں آرڈیننس کے ذریعے نیا نظام آئین سے متصادم ہے۔

Back to top button