افغانستان نے پاکستان سے متصل سرحد باب دوستی کو بند کر دیا

افغانستان نے پاکستان سے متصل سرحد باب دوستی کو تمام قسم کی تجارت اور پیدل آمدو رفت کے لیے بند کر دیا ہے ، باب دوستی کے سامنے مرکزی شاہراہ پر افغان حدود میں سیمنٹ بلاک رکھ دیے گئے ہیں ، پاکستانی حکام نے سرحد بند کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی کو افغان اہلکاروں کی جانب سے بند کیا گیا ہے جس کے باعث سرحد کے دونوں جانب مال بردارگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔حکام کے مطابق عام طور پر باب دوستی سرحد صبح 8 سے شام 4 بجے تک کھلی رہتی ہے۔
دوسری جانب افغان طالبان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گورنرقندھار کی ہدایت پر چمن اسپن بولدک سرحد کو بند کیا گیا ہے۔ گورنر کے مطابق پاکستانی سرحدی حکام کے ساتھ آمدورفت کے طریقہ کارپراعتراض ہے لہٰذا مسائل حل ہونےتک باب دوستی بند رہے گی،لوگ سفر نہ کریں۔
پاکستانی سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ افغان حکام کے اس اقدام اور مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں۔
