بھارت کی ممکنہ جارحیت کو روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے

پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان بھارت کی ممکنہ جارحیت کو روکنے کے لیے آخری حد تک جائے گا ، جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فاشسٹ بھارتی حکومت کے اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں۔
مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں اور20 کروڑ مسلمانوں پر وحشیانہ تسلط جاری رکھا ہوا ہے جبکہ دیگرپڑوسیوں کے خلاف بھی بھارت ریاستی دہشت گردی میں مصروف ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کو ہتھیار فراہم کرنے والی ریاستوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ 70 فیصد ہتھیار اور افواج پاکستان کے خلاف تعینات کی گئی ہیں۔
منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ممکنہ بھارتی جارحیت کو روکنے اور شکست دینے کے لیے جو بھی کر سکا کرے گا، پاکستان اپنے مکمل دفاع کو محفوظ رکھے گا۔ خطے میں پائیدار امن کا انحصار پاکستان اور بھارت میں تنازعات کے حل سے ہی قائم ہو سکتا ہے۔
