اقراء عزیز نے یاسر حسین سے اچانک شادی کی کیا وجہ بتائی؟

دسمبر 2019 میں اداکار یاسر حسین سے اچانک شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی خوبصورت اداکارہ اقراء عزیز نے اپنی چٹ منگنی پٹ بیاہ کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ جب لوگوں نے ان کی یاسر کے ساتھ ڈیٹنگ پر طعنہ زنی شروع کی تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ فورا شادی کر لینی چاہیے۔
اداکارہ عفت عمر کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں اقراءعزیز نے یاسر حسین سے تعلقات، شادی اور محبت پر بات کرنے سمیت اپنے کیریئر سے متعلق بھی بات کی۔ انٹرویو کے دوران جب ان سے یاسر سے اچانک شادی کرنے سے متعلق سوال کیا تو اداکارہ نے جواب دیا کہ دراصل ہم دونوں کے تعلقات استوار ہونے پر لوگ طرح طرح کی باتیں کر رہے تھے اور ان سے فضول قسم کے سوالات پوچھے جانے لگے تھے۔ اقرا کے مطابق لوگ ان سے ڈیٹنگ سے متعلق بہت زیادہ بیہودہ سوالات کرتے تھے، جس سے وہ تنگ آگئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی یاسر حسین کو اپنا شریک حیات بنانے کا فیصلہ کر لیا تھا لہذا مزید سوال وجواب سے بچنے کے لیے انہوں نے جلدی میں شادی کر لی۔
ایک اور سوال کے جواب میں اقراء نے انکشاف کیا کہ ان کے اور یاسر حسین کے درمیان 2018 میں کینیڈا کے دورے کے دوران تعلقات استوار ہوئے اور انہوں نے اسی دوران ایک دوسرے کو پسند کرنا شروع کردیا۔ انہوں نے یاسر حسین کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں کھانا بنا کر کھلانے سمیت ان کے دیگر کئی کام بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یاسر حسین انہیں کیریئر کے حوالے سے حوصلہ دیتے ہیں۔ وہ شادی سے قبل جلد مایوس ہوجاتی تھیں لیکن شادی کے بعد ان میں یاسر کی وجہ سے حوصلہ آیا ہے اور اب وہ پراعتماد زندگی بسر کر رہی ہیں۔ اقراء عزیز نے بتایا کہ وہ انتہائی کم عمری میں محض 15 سال کی عمر میں شوبز میں آئی تھیں اور انہیں والدہ اور بڑی بہن نے ڈراموں میں کام کرنے کی مشروط اجازت دی تھی۔
اقراء کے مطابق انہوں نے 2013 کے ڈرامے ‘کسے اپنا کہیں’ سے کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ان کی والدہ نے انہیں اس شرط پر کام کرنے کی اجازت دی کہ اگر ایک سال تک انہوں نے اداکاری میں اچھا نام کمایا تو ٹھیک ہے، ورنہ انہیں واپس آکر اپنی تعلیم مکمل کرنی پڑے گی۔ اقراء کا کہنا تھا کہ انہوں نے 15 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا اور انہیں اب انڈسٹری میں 7 سال ہوچکے ہیں، اس دوران انہوں نے جو بھی کام کیا، اس پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کئی افراد نے تو انہیں جلدی شادی کرنے سے بھی روکا تھا، تاہم جب انہوں نے شادی کرلی تو وہی لوگ انہیں کہتے تھے کہ اچھا کیا۔ اقراء عزیز نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اچھی عمر اور اچھے وقت میں شادی کی اور وہ یاسر حسین سے شادی کرکے بہت خوش ہیں۔
یاد رہے کہ اداکار یاسر حسین اور اقراء عزیز کی شادی 28 دسمبر 2019 کو ہوئی تھی اور انہوں نے جولائی 2019 کو کراچی میں ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈز شو کے دوران منگنی کی تھی۔ منگنی کے چند ماہ بعد ہی دونوں نے کراچی میں شادی کرلی تھی۔
