الیکشن کا بائیکاٹ کسی صورت نہیں کریں گے

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اگر بلے کا انتخابی نشان نہ بھی ملا تو الیکشن کا کسی صورت بائیکاٹ نہیں کریں گے، بلکہ نئے انتخابی نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔
اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا لیکن جاری نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کے ذریعے پی ٹی آئی کو پیچھے دھکیلا جا رہا ہے، ایک وکیل ن لیگ سے جائے تو ٹھیک، پی ٹی آئی سے جائے تو گرفتار ہوتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدلیہ اپنا کردار ادا کرے تو مسائل کا حل ممکن ہے، عدالت کو اب اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ہمارا مطالبہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو اب اس معاملے میں مداخلت کرنا ہوگی، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی ان معاملات کا نوٹس لیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ پلان بی اور سی ہمارے پاس ہے جس سے پارلیمان تک جائیں گے، اگر بلے کے علاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے اگر پارٹی کا نشان نہ دیا تو مخصوص نشستوں سے مسائل پیدا ہوں گے، سپریم کورٹ نے نان پارٹی بیسڈ الیکشن سے روکا ہے، الیکشن کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، امید ہے کہ عدالتِ عظمیٰ شفاف انتخابات کروائے گی۔
