’’جان کو خطرہ، بلٹ پروف گاڑی نہیں خرید سکتا‘‘

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، بلٹ پروف گاڑی کا مطالبہ کیا تو جواب ملا کہ خود لے لیں، 10 کروڑ کی گاڑی کیسے خریدوں۔

سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن پر حملہ ہوا، الیکشن کمیشن کو ملاقات میں کہا کہ ہم ان حالات میں الیکشن کرا رہے ہیں، ملک میں امن نہیں ہے، الیکشن کیلئے امن ضروری ہے، خبیرپختونخوا اور بلوچستان میں سردی ہوتی ہے یہ میں نے اداروں کو بتایا، اس کے باجود ادارے اور عدلیہ الیکشن کرانے پر بضد ہیں۔

سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ہم پر حملے ہوئے جو ہم نے برداشت کیے، مولانا اور مجھ پر قاتلانہ حملے ہوئے لیکن ہم نے اُف نہیں کہا، حکومت نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو تھریٹ ہے، جب تھریٹ آتے ہیں تو حملہ آور کی تمام تفصیلات بھی بتاتے ہیں، یا تو ملک دہشت گردوں کے حوالے کر دیں اور کہہ دیں ہم تو شو پیس ہیں۔

Back to top button