الیکشن کےلیے گلگت بلتستان نے وفاق سے 11 ہزاراضافی سکیورٹی اہلکارمانگ لئے

گلگت بلتستان حکومت نے الیکشن کے دوران سکیورٹی کےلیے وفاق و صوبوں سے 11 ہزار کے قریب اضافی سکیورٹی اہلکار مانگ لئے۔
چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر) خرم آغا کا سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کو گلگت بلتستان الیکشن پر بریفنگ میں کہنا تھا کہ الیکشن 15 نومبرکوہوگا۔ الیکشن میں 745362 ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، اس بار 2015 کے مقابلے میں 126638ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت نے الیکشن کی سکیورٹی کےلیے وفاق و صوبوں سے 11 ہزار کے قریب اضافی سکیورٹی اہلکار مانگ لئے، گلگت بلتستان کے پاس دستیاب سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہیں تاہم الیکشن ڈے کی سکیورٹی پر ہمیں 16 ہزار سکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے۔ اضافی فورس کی فراہمی کےلیے وفاقی وزارت داخلہ و صوبوں سے پولیس کی فراہمی کےلیے رابطہ کیا ہے۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ حکومت نے پولنگ ڈے پر فوج کی خدمات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاہم کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کےلیے فوج کو کوئیک رسپانس کےلیے طلب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 1141 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 297 پولنگ اسٹیشن انہتائی حساس جب کہ 280حساس قرار دیئے گئے۔
پولنگ اسٹیشنز کے اندر کل 1747 پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے، کورونا کے پیش نظر کسی کو بھی ماسک کے بغیر ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی ورزی پر سیاسی جماعتوں کو 76 شوکاز نوٹسز جاری کرچکے۔ سب سے زیادہ نوٹسز پیپلز پارٹی کو جاری کئے گئے ہیں۔ ایک دفعہ خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ ہے جب کہ خلاف ورزی کی تکرار پر اس کا کیسز کمیشن کو ریفر کیا جاتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جی بی کا دورہ و تقریر کرکے انتخابی ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، وزیراعظم عمراں خان یوم آزادی گلگت بلتستان کی تقریب میں وزیراعلی کی دعوت پر شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزارء و پبلک آفس ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو انتخابی مہم چلانے سے روکا تھا تاہم بلاول بھٹو نے جی بی آکر باضابطہ انتخابی مہم شروع کی جس کے بعد اب باقی جماعتوں کے زمہ داران بھی آکر جلسے کررہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابی سرگرمیاں پر امن انداز میں جاری ہے۔
