امریکی سفیر کی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات

امریکی سفیر انجیلا ایگلر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعاون اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر سے ملاقات کے موقع پر چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعاون اور پائیدار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں انسانی بحران سے بچائو کیلئے عالمی امداد ، افغانستان کے عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اتفاق رائے پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے افغانستان کی صورت حال، خطے کے استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا انھوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا۔
خیال رہے کہ امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے 3 روز قبل لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی تھیں۔
