امریکی سفیر کی مریم نواز ، شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں

امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز سے ان کی رہائش گاہ پر الگ الگ ملاقاتیں کیں جس سے پارٹی میں اختلافات کی مزید قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں‌۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے شہباز شریف کی بجائے مریم نواز کے ساتھ جاتی امرا میں ان کی رہائش گاہ پر امریکی ایلچی سے ملاقات کی ۔ مریم نواز کے ہمراہ موجود پارٹی رہنماؤں میں سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، سینئر رہنما پرویز رشید، سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب، خرم دستگیر اور طارق فاطمی شامل تھے۔

مریم سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد امریکی ایلچی نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سے ان کی ماڈل ٹاؤن میں قائم رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ جب امریکی ایلچی کی پارٹی رہنماؤں سے علیحدہ ملاقات کی وجہ پوچھی گئی تو پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے جواب نہیں دیا ۔ پارٹی کے ایک اندرونی شخص نے ذرائع کو بتایا کہ مریم نواز (امریکی سفیر کو) یہ تاثر دینا چاہتی تھیں کہ وہ اپنے والد (نواز شریف) کی نمائندگی کرتی ہیں جو پارٹی کے سپریم لیڈر ہیں، اس لیے پارٹی کی سینئر قیادت ان کے ہمراہ تھی۔

امریکی قونصل جنرل ولیم کے مکانیول اور پولیٹیکل آفیسر ختیجہ کورے امریکی سفیر کے ہمراہ تھے۔دونوں ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی، افغانستان کی صورتحال، خواتین اور بچوں کے حقوق، صحت اور تعلیم اور دونوں ممالک کے درمیان عوام سے عوام کے رابطے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی سفیر نے شہباز شریف کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب ان کی کارکردگی پر سراہا ، دوسری جانب مریم نوازنے اپنے والد کی جانب سے امریکی صدر جو بائیڈن کو ان کی انتخابی فتح پر مبارکباد اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بطور وزیر اعظم اپنے دور حکومت میں غیر جانبدار خارجہ پالیسی اختیار کی اور پاکستان کے پڑوسیوں اور عالمی برادری کے ساتھ باہمی اعتماد، امن اور ترقی پر مبنی خوشگوار تعلقات کی پیروی کی۔مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ امریکی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ انہوں نے خواتین، بچوں، میڈیا اور انسانی حقوق کے لیے مریم نواز کی کوششوں کو سراہا۔

Back to top button