امیتابھ اور ابھیشیک کے بعد ایشوریا رائے کا کرونا ٹیسٹ مثبت

امیتابھ اور ابھیشیک بچن میں کرونا کی تصدیق کے ایک دن بعد 12 جولائی کو ایشوریا رائے سمیت بچن خاندان کے دیگر افراد کے کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگئے۔
انڈیا ٹوڈےکے مطابق بدقسمتی سے ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خوش قمستی سے امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا.خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں ہےکہ ایشوریا رائے اور ان کی بیٹی کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے یا انہیں گھر میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔تاہم انڈیا ٹوڈے نے بتایا کہ ایشوریا اور ان کی بیٹی میں کورونا کی کم علامات ہونے کی وجہ سے انہیں گھر میں ہی قرنطینہ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ بولی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے 11 جولائی کو اپنی ٹوئٹ میں تصدیق کی تھی کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔اداکار نے بتایا تھا کہ مثبت ٹیسٹ کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ ان کے اہل خانہ اور ان کے قریب رہنے والے ملازمین کے ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں جن کے نتائج آنا باقی ہیں۔امیتابھ بچن کو ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد یہ خبریں بھی تھیں کہ ان کی طبیعت بگڑ گئی، مگر ہسپتال اور اداکار کے قریبی ذرائع نے ایسی افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔
امیتابھ بچن کے بعد ان کے بیٹۓ اداکار ابھیشیک بچن نے بھی اپنی ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ ان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا تھا کہ ان میں اور ان کے والد امیتابھ بچن میں کورونا کی درمیانی علامات تھیں اور دونوں نے خود کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔اداکارہ نے اپنی قریب رہنے والے دیگر افراد سے بھی درخواست کی تھی کہ وہ بھی اپنا ٹیسٹ کروالیں۔
دوسری طرف بچن خاندان کی طرح بولی وڈ کے سینیئر اداکار انوپم کھیر کے اہل خانہ میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انوپم کھیر نے اپنی ویڈیو میں تصدیق کی کہ ان کی والدہ، بھائی، بھابھی اور بھتیجی میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اداکار نے تصدیق کی کہ ان کے اپنے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔اداکار نے ویڈیو میں بتایا کہ خوش قسمتی سے ان کے ایک بھیتیجے بھی کورونا سے محفوظ ہے۔انوپم کھیر کے مطابق انہوں نے والدہ کو ہسپتال داخل کرادیا ہے جب کہ بھائی، بھابھی اور بھتیجی کو گھر میں قرنطینہ کرلیا گیا ہے۔
بولی وڈ کی لیجنڈ اداکارہ ریکھا کے گھر کے سیکیورٹی گارڈ میں کرونا کی تشخیص کے بعد ان کے گھر کو ہی سیل کردیا گیا۔ڈی این اے انڈیا کے مطابق اداکارہ کے گھر کا چوکیدار میں کورونا کی تشخیص کے بعد ممبئی انتظامیہ نے اداکارہ کے گھر کو سیل کرکے اسے ڈس انفیکٹ کرنا شروع کردیا۔
بولی وڈ اسٹار عامر خان نے 10 دن قبل اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کے کچھ ملازمین میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق ملازمین میں کورونا کی تشخیص کے بعد اداکار نے اہل خانہ سمیت کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا، تاہم خوش قسمتی سے اداکار کے تمام اہل خانہ کے ٹیسٹ منفی آئے۔ان سے قبل بولی وڈ کی چند دیگر شخصیات میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم اب وہ کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔معروف اداکار کرن کھیر میں بھی رواں برس 14 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ محض 10 دن قرنطینہ میں رہنے کے بعد 24 مئی کو صحت یاب ہوگئے تھے۔
ان سے قبل اداکارہ زویا مورانی میں بھی مئی میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ بھی 2 ہفتوں تک قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوگئی تھیں۔ان سے قبل بولی وڈ کے پروڈیوسر کریم مورانی بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے، تاہم وہ بھی 2 ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحت یاب ہوگئے تھے۔اسی طرح گلوکارہ وہ اداکارہ کنیکا کپور میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور ان پر تو حکام نے کورونا سے متعلق معلومات خفیہ رکھنے پر مقدمہ بھی دائر کیا تھا۔کنیکا کپور بھی 2 ہفتوں بعد صحت یاب ہوگئی تھیں جب کہ حال ہی میں گردے فیل ہونے کے باعث چل بسنے والے موسیقار واجد خان میں بھی کورونا کی علامات پائی گئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button