انتظار کی گھڑیاں ختم: میٹرو اورنج لائن ٹرین کو عوام کےلیے کھول دیا گیا

لاہوریوں کے لئے جدید سفری سہولت کا بڑا تحفہ، 5 سال میں مکمل ہونے والی اورنج لائن میٹرو ٹرین کو عوام کےلیے کھول دیا گیا۔ ٹرین روزانہ صبح ساڑھے 7 سے رات ساڑھے 8 بجے تک چلے گی۔
اورنج ٹرین نے ڈیرہ گجراں اسٹیشن سے 10 منٹ کی تاخیر سے 7 بج کر 40 منٹ پر اپنے پہلے سفر کا آغاز کیا۔ پہلے ہی روز میٹرو ٹرین کے اسٹیشنوں پر مسافروں کا رش بڑھ گیا۔ شہری اورنج ٹرین کے اسٹیشنوں پر ٹوکن کے حصول کےلئے قطاروں میں کھڑے رہے۔ لوگوں اور طلبہ کا کہنا تھا کہ صبح سویرے ہی اسٹیشن پر آ گئے، اورنج ٹرین پر سفر کےلئے بے تاب ہیں، فلموں میں ایسی ٹرین دیکھتے تھے، آج سفر بھی کر رہے ہیں۔ خواتین نے کہا کہ پہلے دن ٹرین چل رہی ہے، اورنج ٹرین کی سیر کےلئے آئی ہیں۔ اورنج لائن ٹرین کے اسٹیشنوں پر کارڈ کے حصول کےلیے بھی مسافر نظر آئے، جنہوں نے 130 روپے میں کارڈ حاصل کیا، اب وہ بآسانی اورنج ٹرین میں سفر کر سکیں گے۔
خیال رہے 27 کلو میٹر کے ٹریک پر 26 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ اورنج ٹرین یہ فاصلہ 45 منٹ میں طے کرے گی۔ ہر ایک کلو میٹر پر اسٹیشن، ہر 5 منٹ بعد ٹرین آئے گی، ٹرین کا یک طرفہ کرایہ 40 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اورنج ٹرین ساڑھے 7 بجے سے 10 بجے تک ہر اسٹیشن پر 3 منٹ رکے گی۔ صبح 10بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہر اسٹیشن پر ایک منٹ کا سٹاپ کرے گی۔ شام ساڑھے 5 سے ساڑھے 8 بجے تک ہر اسٹیشن پر 3 منٹ رکے گی۔ خواتین، معذور اور بزرگ مسافروں کےلیے الگ نشستیں مختص کی گئیں۔
واضح رہے منصوبے کا معاہدہ پاکستان اور چین کے درمیان مئی 2014 میں ہوا تھا، پی سی ون کے مطابق ٹرین منصوبہ 27 ماہ میں مکمل ہونا تھا تاہم یہ منصوبہ 60 ماہ کے عرصہ میں مکمل ہوا۔ اورنج ٹرین کے 11 تاریخی مقامات پر 16 ماہ تک تعمیراتی کام بند رہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button