انجلینا جولی نے غزہ کی تباہی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری امداد کا مطالبہ کردیا

ہالی ووڈ اداکارہ نے غزہ کی تباہی کی قبل اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے متاثرہ آبادی کیلئے مزید انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیا۔

ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر ایک بار پھر آواز اٹھاتے ہوئے وہاں کے متاثرین کیلئے انسانی امداد میں فوری اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر غزہ کی تباہی سے قبل اور موجودہ صورتحال کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کیں، جن کے ساتھ گوگل ارتھ کی تصاویر اور اقوام متحدہ کے اعداد و شمار بھی شامل تھے۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ گوگل ارتھ کے ذریعے غزہ میں ہونے والی تباہی واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے، جہاں کئی پورے علاقے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں اور گھروں، اسکولوں، اسپتالوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ہالی ووڈ اداکارہ کے مطابق غزہ کا وسیع علاقہ تباہی سے دوچار ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی 82 فیصد عمارات کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ دو تہائی سے زائد عمارات مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔

انجلینا جولی نے موجودہ حالات کے پیش نظر غزہ کے رہائشیوں تک مزید انسانی امداد پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

Back to top button