’’انسٹا گرام پر شاہ رخ خان کے ڈوپلیکیٹ کی دھوم‘‘

بالی ووڈ کنگ کی طرح چشمہ لگائے، سوٹ، بوٹ میں ملبوس، فلمی سینز کو کاپی کرتی شخصیت نے انسٹا گرام سمیت سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے، دیکھنے والوں نے دانتوں میں انگلیاں دبا لیں کیا کہ شاہ رخ خان دوبارہ جوانی میں واپس آگئے۔
اداکاروں کے باڈی ڈبل کا فلموں میں کام کرنا تو ایک معمول کی بات ہے لیکن دنیا بھر میں ایسے افراد بھی موجود ہیں جو ہُو بُہو فلمی دنیا کے ستاروں جیسے نظر آتے ہیں۔
ایسے ہی ایک فنکار کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیوز دیکھی جا رہی ہیں جس کی بالی وُڈ کنگ شاہ رخ خان سے غیر معمولی مماثلت ہے، سورج کمار نامی شاہ رخ خان کا یہ مداح جہاں کنگ خان کی طرح نظر آتا ہے وہیں اس کی اپنے ہیرو کی طرح چال، ڈھال اور بال بھی ہیں۔
کچھ ماہ پہلے سورج نے انسٹاگرام پر نئی دہلی میں گھومنے کی ویڈیو اپلوڈ کی جہاں وہ بالکل شاہ رخ خان کی طرح وہاں موجود افراد سے ملاقات کر رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگ خان کے اس مداح کا تعلق کولکتہ سے ہے اور یہ جھاڑکھنڈ میں رہتے ہیں، وہ اپنے آپ کو فنکار کہتے ہیں اور مختلف فنکشنز میں پرفارم کرتے ہیں، ان کے انسٹاگرام پر ایک لاکھ 60 ہزار فالورز ہیں جو ان کی دلچسپ پوسٹس سے محظوظ ہوتے رہتے ہیں۔
سورج المعروف چھوٹا شاہ رخ کی پوسٹ پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں، منوج کہتے ہیں کہ جب شاہ رخ فلموں میں آئے تھے تو ایسے ہی لگتے تھے، اشوک تلوانی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگا شاہ رخ خان کا پہلے کا ویڈیو ہے، پھر پتا چلا شاہ رخ خان کی کاپی ہے۔
رئیس پٹیل لکھتے ہیں کہ بھائی 90 کی دہائی کے دور کی یاد دلا دی، گانیکا ساشا نے کہا کہ ایک پل کے لیے تو مجھے لگا سچ میں شاہ رخ ہے، رجنیش بھگت نے دلچسپ انداز میں کہا کہ اس کے پاس پیسہ ہوگا تو شاہ رخ خان سے کم نہیں۔
اسی طرح دیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی سورج کمار کی شاہ رخ خان سے مماثلت کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ویڈٰیو دیکھنے سے ذرا برابر بھی گمان نہیں ہوتا ہے کہ وہ کوئی دو نمبر یا ڈوپلیکیٹ شاہ رخ خان ہیں بلکہ بالکل اصل معلوم ہوتے ہیں۔
