ایران کی چین کی مشترکہ علاقائی سکیورٹی کی تجویز کی حمایت

ایران نے مشرق وسطیٰ میں مشترکہ سکیورٹی کے نئے نظام کے قیام سے متعلق چین کی تجویز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ خطے میں پائیدار استحکام کےلیے علاقائی ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا تھاکہ چین کی جانب سے مشترکہ سکیورٹی اپنانے پر زور دینا اسی اصول کے مطابق ہے جس کی ایران طویل عرصے سے وکالت کرتا آ رہا ہے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ علاقائی ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل کو اپنے ہاتھوں میں لیں۔حقیقی استحکام اسی وقت آسکتا ہےجب نیا سکیورٹی ڈھانچہ بنایا جائے جس کی اسی خطے میں نشوونما ہوئی ہو،ایران اس کےلیے تیار ہے۔
امریکی صدر کی ایک بار پھر ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی
باقر قالیباف نے کہا کہ تہران نے ہمیشہ علاقائی ممالک پر زوردیا ہےکہ وہ خطے سے باہر کی طاقتوں پر اپنا انحصار کم کریں اور باہمی تعاون کے ذریعے سکیورٹی انتظامات کریں۔
یاد رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی کےلیے نیا ڈھانچہ قائم کرنے کےلیے چار نکاتی حکمت عملی پر زوردیا تھا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا تھا کہ جامع، مشترکہ،تعاون پر مبنی اور دیرپا سکیورٹی قائم کی جائے۔
