ایران کا اندرونی نظام منقسم ہے ، ان سے معاملات طے کرنا آسان نہیں: جے ڈی وینس

 

 

 

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ایران سے معاملات طے کرنا آسان نہیں کیوں کہ ایران کا نظام اندرونی طور پر منقسم ہے،جہاں بعض حلقے جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں، جب کہ دیگر عناصر تنازع جاری رکھنے کے حامی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کےلیے فوجی، معاشی اور سفارتی تمام ذرائع استعمال کرے گا، جب کہ واشنگٹن کی اولین ترجیح یہ ہےکہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔

نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش آنے والی مشکلات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت آسان نہیں کیوں کہ وہاں کا نظام مختلف دھڑوں میں تقسیم ہے۔ایرانی نظام میں ایک طبقہ ایسا ہے جو جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے جب کہ دوسرا گروہ ایسا بھی موجود ہے جو جنگ جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

مسلسل عسکری دباؤ کے نتیجے میں تہران دوبارہ مذاکرات پر آمادہ ہوا: ٹرمپ

انہوں نے کہا کہ امریکا کی ذمہ داری ہے کہ ان حالات میں درست حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اپنے مفادات کے مطابق بہترین نتیجہ حاصل کرے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ بالآخر تنازع کا کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا،تاہم انہوں نے اعتراف کیاکہ یہ عمل آسان نہیں ہوگا اور اس میں وقت لگ سکتا ہے۔اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور یہ کمی برقرار بھی رہ سکتی ہے، جس سے عالمی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

 

Back to top button