پاکستان؛ جولائی میں 5 ہزار 438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ، نیا ریکارڈ قائم

پاکستان میں جولائی کے دوران نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق ماہ جولائی میں مجموعی طور پر 5 ہزار 438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس عرصے کے دوران 5 بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کیے۔ ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور چین سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں کاروباری سرگرمیوں کے لیے پاکستان آئیں، جبکہ نئی رجسٹرڈ ہونے والی 112 کمپنیوں میں غیر ملکی ڈائریکٹرز بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رجسٹرڈ کمپنیوں میں 3 ہزار 148 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں، 2 ہزار 117 سنگل ممبر کمپنیاں، 127 لمیٹڈ لائبیلٹی پارٹنرشپس، 28 غیر منافع بخش تنظیمیں اور 18 پبلک لمیٹڈ کمپنیاں شامل ہیں۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ نئی رجسٹریشن میں پنجاب سرفہرست رہا، جہاں مجموعی کمپنیوں کا 51 فیصد، یعنی 2 ہزار 756 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ اسلام آباد میں ایک ہزار 53، سندھ میں 864، خیبرپختونخوا میں 450، گلگت بلتستان میں 180 اور بلوچستان میں 135 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔
سندھ اسمبلی نے ہمیشہ نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کی ہے: مراد علی شاہ
شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی سب سے نمایاں شعبہ رہا، جہاں ایک ہزار 8 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ علاوہ ازیں ٹریڈنگ میں 845، سروسز میں 638، کنسٹرکشن میں 348، فوڈ اینڈ بیوریجز میں 256، سیاحت میں 207، ای کامرس میں 181، تعلیم میں 165، رئیل سٹیٹ ڈویلپمنٹ میں 162 اور کارپوریٹ ایگری کلچر میں 145 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔
