ایف آئی اے نے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کو کیوں گرفتار کیا؟

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے مرحوم اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی ایک نازیبا ویڈیو لیک کرنے کے الزام پر ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کو گرفتار کرلیا یے۔ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی ایک ٹیم نے لودھراں میں کارروائی کرتے ہوئے مرحوم ایم این اے اور مذہبی اسکالر عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کو گرفتار کیا۔ حکام کا کہنا ہےکہ ملزمہ کو عامر لیاقت حسین کی متنازع ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے جس کے بعد وہ شدید ڈپریشن میں چلے گئے تھے اور پھر پراسرار حالات میں انتقال کر گے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مرحوم عامر لیاقت کی بیٹی نے ملزمہ کے خلاف شکایت درج کروائی تھی جس پر کارروائی کی گئی۔ دوسری جانب دانیہ کی والدہ سلمیٰ بی بی کا کہنا ہے کہ انکی بیٹی کو پولیس نے گھر میں گھس کر گرفتار کیا اور بغیر وارنٹ دکھائے اپنے ساتھ لے گئی۔

یاد رہے کہ عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 کو اپنے گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔ ہسپتال پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق ہو گئی تھی۔ عامر نے دانیہ سے تیسری شادی کی تھی لیکن تین ماہ بعد ہی دانیہ شاہ نے علیحدگی کے لیے عدالت سے خلع مانگ لی تھی۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی ایک پرائیویٹ ویڈیو لیک ہو کر وائرل ہو گئی تھی جس میں مرحوم بے لباس تھے۔ ویڈیو لیک کرنے کا الزام دانیہ شاہ پر لگا تھا جس کے بعد وہ ڈپریشن میں چلے گئے تھے اور انہوں نے ملک چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔ عامر لیاقت نے دانیہ سے فروری 2022 میں شادی کی اور اس بات کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ ان کی تیسری اہلیہ کی عمر ابھی صرف 18 سال ہے۔ دانیہ شاہ نے عامر پر تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے عدالت سے تنسیخ نکاح کے لیے رجوع کیا تھا لیکن عامر کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی گئی تھی۔

دانیہ کی جانب سے خلع کا دعویٰ دائر کیے جانے کے بعد دونوں کے مابین سوشل میڈیا پر کھلی جنگ شروع ہو گئی تھی اور ایک دوسرے پر شرم ناک الزامات لگائے گے تھے۔عامر لیاقت حسین کی جانب سے اپنی اہلیہ کی ایک آڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ انہیں شادی کے بعد علم ہوا کہ دانیہ ’بدکردار‘ ہے۔ یہ آڈیو کلپس شیئر کرتے ہوئے عامر لیاقت نے دعویٰ کیا کہ انہیں دانیہ شاہ کے ’بدکردار‘ ہونے سے متعلق شادی کے بعد علم ہوا اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اس سے بھی زیادہ ثبوت موجود ہیں۔

اپنے وائس کلپس شیئر کیے جانے کے بعد دانیہ نے بھی عامر کی آڈیو کلپس شیئر کیں، جن میں وہ ان پر سخت غصے میں چِلاتے سنائی دیے۔اسکے بعد دانیہ شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس عامر لیاقت کی جانب سے ظلم و تشدد کے تمام ثبوت موجود ہیں اور وقت آنے پر وہ انہیں سامنے لائیں گی۔ اس کے چند روز بعد دانیہ شاہ نے مبینہ طور پر عامر لیاقت حسین کی ایک پرائیویٹ ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک کر دی جس میں وہ اپنے گھر میں بے لباس نظر آ رہے تھے۔ اب ایف آئی اے نے یہی ویڈیو لیک کرنے کے الزام میں دانیا شاہ کو گرفتار کیا ہے۔

Back to top button