ایل او سی پر فائرنگ سے ایک پاکستانی فوجی شہید

بھارت نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال شدید فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید اور 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بروھ اور چری کوٹ سیکٹرز میں آرمی کی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ، مارٹر گولے اور راکٹ فائر کیے۔
پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس سے بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا۔فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نعمت ولی شہید جب کہ ایل او سی کے سریاں گاؤں کی 2خواتین زخمی ہوگئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی فوج کی جانب سے حاجی پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔قبل ازیں اگست میں پاک فوج نے کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں درجنوں افراد شہید اور 190 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button