اینٹی کرپشن پنجاب کیخلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ

وزیر داخلہ ومسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نےاینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے عمرانی فتنے کا آلہ کار بن کر 4 سالہ پرانے مقدمے کے ریکارڈ میں جعل سازی کی اورحقائق جان بوجھ کر چھپاکر عدالت سے دھوکا دہی اور گمراہ کرکے وارنٹ حاصل کیے،اینٹی کرپشن پنجاب اسلام آباد پولیس کو وارنٹ کے ساتھ ریکارڈ فراہم نہیں کررہی جو قانونی تقاضہ ہے، یہ وفاقی حکومت پر مہم جوئی کی مذموم سازش ہے تاکہ عمرانی فتنہ ریلیف حاصل کرسکے۔
ترجمان کا کہناتھاریکارڈ میں جعل سازی اورعدالت کو گمراہ کرنے میں ذمہ داران افسران اوراہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن عدالت نے رانا ثنا کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی تعمیل کیلئے تھانہ سیکرٹریٹ پہنچی تھی تاہم ٹیم ان کی گرفتاری کی تعمیل کے بغیر ہی تھانہ سیکرٹریٹ سے واپس روانہ ہو گئی۔
