خضدار: قبائلی شخصیت کی رہائشگاہ پر خودکش حملہ، 14 افراد جاں بحق، 5حملہ آور ہلاک

خضدار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ممتاز قبائلی شخصیت میر شفیق الرحمن مینگل کی رہائش گاہ پرخودکش اور مسلح دہشت گرد حملے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ جوابی کارروائی میں 5 حملہ آور مارے گئے۔
حملے میں میر شفیق الرحمن مینگل محفوظ رہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، پولیس اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ انتہائی منظم انداز میں کیا گیا۔
ابتدائی طور پر ایک خودکش حملہ آور نے رہائش گاہ کے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس سے داخلی راستہ تباہ ہوگیا۔ اس کے فوراً بعد دیگر خودکش اور مسلح حملہ آور گھر کے اندر داخل ہوگئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی پر مامور اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان تقریباً تین گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے تمام پانچ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر سی ایم ایچ اور ٹیچنگ ہسپتال خضدار منتقل کیا گیا۔
