فیلڈ مارشل کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، مون سون سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ

 

 

 

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں مون سون سیزن کے دوران پاکستان میں آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور مربوط ردعمل کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےمطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسپانس میکانزم سے آگاہ کیا۔

انہیں ’ڈیزاسٹر لینس 2026‘ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس کے ذریعے ملک میں مون سون کی موجودہ صورت حال اور مختلف قدرتی خطرات کی نگرانی کے نظام کا جائزہ پیش کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان میں قومی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی استعداد بڑھانے کےلیے این ڈی ایم اے کی کوششوں کو سراہتےہوئے تیاری،اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور بروقت رد عمل کی اہمیت پر زوردیا تاکہ انسانی جانوں اور اہم قومی انفراسٹرکچر کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج امدادی سرگرمیوں، ریسکیو آپریشنز اور بحالی کے اقدامات میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کےلیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔

 

Back to top button