عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں

 

 

 

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے،جس کے بعد تیل کی قیمتیں تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں فروخت کےبڑھتے ہوئے دباؤ اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث خام تیل کی دونوں بڑی عالمی اقسام کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔مارکیٹ اعدادوشمار کےمطابق عالمی معیار سمجھے جانے والے برطانوی خام تیل (برینٹ) کی قیمت میں دو فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کےبعد اس کی قیمت 81.62 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔

اسی طرح امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) کی قیمت میں 3.49 فیصد کمی ہوئی اور یہ 77.54 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

رپورٹس کےمطابق حالیہ سیشن میں خام تیل کی مجموعی قیمتوں میں تقریباً 7 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی،جس کے نتیجے میں قیمتیں گزشتہ تین ہفتوں کی کم ترین سطح تک پہنچ گئیں۔

ماہرین کا ہنا ہےکہ عالمی توانائی مارکیٹ میں طلب و رسد سے متعلق توقعات، سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی اور جغرافیائی صورت حال پر نظر رکھنے کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہ سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کےمطابق اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہاتو تیل درآمد کرنےوالے ممالک کو کچھ ریلیف مل سکتا ہے،تاہم مستقبل کی قیمتوں کا انحصار عالمی معاشی حالات،توانائی کی طلب اور خطے میں جغرافیائی و سفارتی پیش رفت پر ہوگا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے کو فی الحال ملتوی کرنےکے اعلان کےبعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

 

 

Back to top button