ایڈووکیٹ خالد خورشید وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نامزد

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے نام کی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ کےلیے ایڈووکیٹ خالد خورشید کا نام فائنل کرلیا گیا، وزیراعلیٰ کےلیے وزیراعظم کو پارٹی کی جانب سے دو نام بھجوائے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا کام شروع کردیا ہے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی حتمی منظوری کےلیے دو ناموں میں سے بیرسٹر خورشید شاہ کا نام فائنل کرلیا گیا ہے۔
گزشتہ روز تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کےلیے 2 نام شارٹ لسٹ کیے تھے۔ بیرسٹر خالد خورشید اور فتح اللہ خان کے نام حتمی منظوری کےلیے وزیراعظم کو بجھوائے گئے تھے۔ اسی طرح الیکشن کمیشن نے ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی مخصوص نشستوں کا بھی اعلان کردیا ہے۔ جس کے تحت خواتین کی 6 مخصوص اور ٹیکنو کریٹس کی 3 نشستوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکنوکریٹس کی 3 میں سے 2 نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جب کہ ایک نشست پیپلزپارٹی کے حصے میں آئی۔ گلگت بلتستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اکبر علی اور فضل رحیم جب کہ پیپلزپارٹی کے غلام شہزاد ٹیکنوکریٹس نشست پر منتخب ہوئے ہیں۔ جب کہ خواتین کی 6 مخصوص نشستوں میں سے 4 پی ٹی آئی کو ملیں جب کہ ایک مخصوص نشست پیپلزپارٹی اور ایک ن لیگ نے حاصل کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق خواتین کی مخصوص 4 نشستوں پر پی ٹی آئی کی کنیز فاطمہ، ثریا زمان، دلشاد بانو اور کلثوم الیاس منتخب ہوئیں، پیپلزپارٹی کی سعدیہ دانش اور ن لیگ کی صنم بی بی خواتین کی مخصوص نشستوں پر اسمبلی میں پہنچی ہیں۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ 6 کامیاب آزاد امیدواروں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد پی ٹی آئی کی کل نشستوں کی تعداد 16 ہو گئی تھی۔ اب خواتین کی 4 اور ٹیکنوکریٹس کی 2 نشستیں ملنے کے بعد پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان اسمبلی کی کُل 33 میں سے 22 نشستیں مل چکی ہیں، جس کے بعد تحریک انصاف گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی واضح پوزیشن میں آ چکی ہے۔
