ایکٹنگ میں والدہ سے نہیں بلکہ ہالی ووڈ ایکٹرس سے متاثر ہوں

معروف اداکارہ اشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوبز دنیا کا انتخاب اپنی والدہ عصمت طاہرہ یا بڑی بہن اسرا غزل سے متاثر ہو کر نہیں کیا بلکہ وہ ہالی ووڈ کی بولڈ سپر سٹار میرل سٹرپ سے متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں میرل اسٹریپ کو دیکھ کر اداکاری کا شوق ہوا۔
اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ اگرچہ ان کی والدہ عصمت طاہرہ اور اور بڑی بہن اسرا غزل بھی اداکاری کرتی رہی ہیں مگر وہ ہالی وڈ کی سپر اسٹار میرل اسٹرپ کی فین ہیں۔ یاد رہے کہ میرل اسٹرپ کا شمار ہر دور کی بولڈ اور بہترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ 70 اور 80 کی دہائی کی اولین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔
اُشنا شاہ نے وائس آف امریکہ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کا بچپن اور زندگی کا زیادہ تر حصہ کینیڈا میں گزرا، جس وجہ سے ابتدائی طور پر انہیں شوبز میں اردو ٹھیک انداز میں نہ بول پانے کی وجہ سے مسئلہ بھی ہوا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے اب تک اپنے کیریئر کے 20 فیصد کردار منفی نبھائے ہیں، تاہم حیران کن طور پر انہیں برے کردار ادا کرنے پر بھی سوشل میڈیا پر گالیاں دی جاتی ہیں، حالانکہ لوگ جانتے ہیں کہ ایک ایکٹر جو کردار ادا کر رہا ہوتا ہے وہ حقیقی زندگی میں ویسا نہیں ہوتا۔
اشنا شاہ نے کہا کہ انہیں ان کے لباس، بیانات اور کرداروں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، یہاں تک کہ اگر وہ ساڑھی کے ساتھ تصویر شیئر کردیں اور انہوں نے دوپٹہ نہ پہنا ہو تو بھی انہیں گالی دی جاتی ہے۔
اشنا شاہ نے ایک سوال۔ہر بتایا کہ انہیں سینیئر اداکار قوی خان کے ساتھ کام کرنے کی شدید خواہش ہے جب کہ وہ اپنی بہترین دوست کبریٰ خان کے ہمراہ بھی کام کرنا پسند کریں گی۔ اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں دیا جانے والا یہ تاثر بدلنے کی ضرورت ہے کہ جو امیر ہے، اسے انگریزی آتی ہوگی اور جو لڑکی بولڈ لباس پہنتی ہے وہ بد کردار ہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کرتی ہیں کہ ڈراموں میں بیرون ملک رہنے والے پاکستانی کا کردار بھی ایسے ادا کریں کہ پتہ چلے وہ ایک پاکستانی ہیں۔ ایک اور سوال پر اشنا شاہ نے کہا کہ عورت کے کرداروں کے کئی پہلو ہوتے ہیں، ان کے پاس جذبات اور احساسات کی بہت بڑی رینج ہوتی ہے، اس لیے وہ بھی اس کوشش میں رہتی ہیں کہ وہ ڈرپوک اور نڈر کرداروں تک محدود نہ رہیں بلکہ ایسے کردار بھی ادا کریں، جن میں حقیقت کا رنگ نمایاں ہو۔
اشنا نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنی والدہ عصمت طاہرہ اور بڑی بہن اسرا غزل کے ڈرامے اتنے زیادہ نہیں دیکھے مگر انہیں ہولی وڈ اداکارہ میرل اسٹرپ بہت اچھی لگتی تھیں اور انہیں دیکھ کر ہی انہیں اداکاری کا شوق ہوا۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ بہت ہی شاندار فلمیں اور ڈرامے دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں، تاہم یقینی طور پر والدہ اور بڑی بہن کی اداکاری سے بھی متاثر ہوئی ہوں گی۔
یاد رہے کہ اشنا شاہ کی والدہ اداکارہ عصمت طاہرہ ماضی کی مقبول اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، تاہم انہوں نے 1990 کی دہائی میں اداکاری سے دوری اختیار کرلی تھی اور اپنے خاندان کے ساتھ کینیڈا شفٹ ہوگئی تھیں۔ مگر اب خبریں ہیں کہ وہ جلد اداکاری میں واپسی کریں گی۔ عصمت طاہرہ نے 1980 سے قبل ہی پاکستان ٹیلی وژن سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ان کی بڑی بیٹی اسرا غزل نے 1990 کے بعد اداکاری شروع کی۔ اشنا شاہ کے ایک بھائی بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں، تاہم وہ اداکاری سے زیادہ ہدایت کاری اور پروڈکشن کا کام کرتے ہیں۔ اشنا شاہ کو مشابہت کی وجہ سے پاکستانی شوبز کی ودیا بالن بھی کہا جاتا ہے جو کہ بھارت کی ایک معروف اداکارہ ہیں اور اپنے بولڈ کرداروں کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔
