بارش اور طوفان کی پیشگی اطلاع دینے والا جدید ریڈار نصب

بادل میں بارش کی مقدار اور سمندری طوفان سے متعلق پیشگی اطلاع فراہم کرنے کےلیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ریڈار محکمہ موسمیات کے دفتر میں نصب کر دیا گیا۔
کراچی کو سمندری طوفان سے بچانے کےلیے محکمہ موسمیات میدان میں آگیا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے میٹ ٹاور کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا۔ ڈی جی میٹ محمد ریاض نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر جاری ہے، 5 منزلیں بن چکی ہیں۔ یہ میگا ٹاور کراچی اور اس کے اطراف 400 کلومیٹر تک سمندر میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی صورت حال سے آگاہ کرنے والا جدید ایس بینڈ ڈوپلر ریڈار بادلوں میں موجود بارش کے پانی کی مقدار بتانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ ریڈار 450 کلومیٹر تک کے علاقے کے موسم کی صورت حال کا پتا لگاسکتا ہے، جو جنوری میں باقاعدہ کام شروع کر دے گا۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ جاپان کے تعاون سے نصب کیا جانے والا ڈوپلر ریڈار بادلوں کی پیمائش کر سکے گا اور سمندری طوفان کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کرے گا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ڈوپلر ریڈار کی تنصیب پر ایک ارب 58 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔
