بلوچستان: اوتھل میں تیز رفتار کوچ الٹنے سے 14 افراد جاں بحق، 9 زخمی

صوبہ بلوچستان کے علاقے اوتھل میں وایار فام کے نزدیک کوئٹہ-کراچی شاہراہ پر علی الصبح مسافر کوچ الٹنے سے 14 افراد جاں بحق 9 زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق بس پنجگور سے کراچی جارہی تھی جو تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی, حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ کوچ الٹ جانے کی وجہ سے ابتدا میں زخمیوں کو ریسکیو کرنے اور لاشیں نکالنے میں دشواری پیش آئی جس کی وجہ سے ہیوی مشینری طلب کی گئی اور اس کی مدد سے کوچ کو سیدھا کر کے ریسکیو کا عمل مکمل کیا گیا۔حادثے میں زخمی ہونے والوں تمام مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد پنجگور کے رہائشی ہیں۔
واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر 12 روز بعد یہ دوسرا خطرناک ٹریفک حادثہ ہے اس سے قبل 20 جنوری کو پنجگور آنے والی مسافر کوچ الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
گزشتہ برس اکتوبر میں بلوچستان کے ضلع خضدار میں کوئٹہ-کراچی روڈ پر مسافر کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اورجھلسنے کے باعث ایک خاتون اور اس کے چار بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔قبل ازیں اگست میں ضلع مستونگ میں کوئٹہ-کراچی نیشنل ہائی وے پر ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چار فٹبالر جاں بحق ہوگئے تھے۔
اگست میں ہی ضلع سبی میں مزدا ٹرک اور مسافر ویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بچوں اور خاتون سمیت 10 مسافر جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button